رسائی کے لنکس

دنیا کی معمر ترین امریکی خاتون 116 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں


جرٹروڈ ویور (فائل فوٹو)
جرٹروڈ ویور (فائل فوٹو)

امریکی ریاست آرکنساس سے تعلق رکھنے والی جرٹروڈ کو دنیا کا معمر ترین فرد ہونے کا اعزاز گزشتہ ہفتے حاصل ہوا تھا۔

دنیا کی معمر ترین امریکی خاتون جرٹروڈ ویور 116 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

امریکی ریاست آرکنساس سے تعلق رکھنے والی جرٹروڈ کو دنیا کا معمر ترین فرد ہونے کا اعزاز گزشتہ ہفتے حاصل ہوا تھا۔

جرٹروڈکا کہنا تھا کہ ان کی طویل عمر کا راز لوگوں کے ساتھ ہمدردی رکھنے میں ہے۔

آرکنساس کے سلور اوک صحت اور بحالی کے مرکز کی منتظم کیتھی لینگلی کا کہنا ہے کہ جرٹروڈ کو یہ اچھا لگتا تھا جب ان کے بارے میں دنیا کے معمر ترین فرد ہونے سے متعلق لکھے گئے مضامین پڑھ کر سنائے جاتے تھے۔

لینگلی نے کہا کہ ان کے دنیا سے چلے جانے پر وہ بہت دکھی ہیں۔ بڑھاپے کے متعلق تحقیق کرنے والے ایک تنظیم جو دنیا کے معمر ترین فرد کا تعین بھی کرتی ہے، کے مطابق جرٹروڈ ویور 4 جولائی 1898ء کو پیدا ہوئی تھی۔ دنیا میں اس وقت تین افراد موجود ہیں جن کے پیدائش کے ریکارڈ کے مطابق ان کی ولادت 1900ء سے پہلے ہوئی تھی۔

جرٹروڈ ایک کسان کی بیٹی تھیں اور وہ ٹیکساس کی ریاست کی سرحد کے قریب واقع آرکنساس کے علاقے میں پیدا ہوئی تھی۔

معمر ترین فرد کا تعین کرنے والی تنظیم کے مطابق اب دنیا کی معمر ترین فرد کا اعزاز جرالین ٹیلی کو حاصل ہوگیا ہے جو امریکی شہری ہیں اور وہ 23 مئی 1899ء کو پیدا ہوئیں اور آئندہ ماہ وہ 116 برس کی ہو جائیں گی۔

جرالین جو ڈیٹرائٹ کے نواح میں رہتی ہیں، اپنی طویل عمری کی وجہ اپنے ایمان کو قرار دیتی ہیں۔

گزشتہ سال ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ "یہ خدا کی مرضی ہے اور سب کچھ خدا کے ہاتھ میں ہے"۔

جرالین 104 سال کی عمر تک باؤل پھینکتی رہی ہیں۔ انہوں نے نہ تو کبھی سگریٹ نوشی کی نہ ہی کبھی شراب نوشی کی اور ان کا کہنا ہے کہ ان کا صرف ایک بار آپریشن ہوا جب ان کے گلے کے غدود کو نکالا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG