رسائی کے لنکس

آرمینیا کے وزیر اعظم کی دو روزہ دورے پر ایران آمد


آرمینیا کے وزیر اعظم کی دو روزہ دورے پر ایران آمد
آرمینیا کے وزیر اعظم کی دو روزہ دورے پر ایران آمد

آرمینیا کے وزیر اعظم تیگرن سرگسیان یروین اور تہران کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے ایران کے دورے پر ہیں۔

آرمینیا کے وزیر اعظم اپنے ملک کے تاجروں کے ایک وفد کے ساتھ پیر کے روز تہران پہنچے۔

مسٹر سرگسیان اپنے دو روزہ دورے کے دوران پروگرام کے مطابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور دوسرے سینیئر ایرانی عہدے داروں سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ دونوں ملکوں کے راہنما آزاد تجارت کے ایک معاہدے پر دستخط بھی کریں گے۔

ایران اپنے متنازع جوہری پروگرام پر بین الاقوامی پابندیاں سخت تر ہونے کی وجہ سے اپنی تجارت کو بڑھانا چاہتا ہے۔ آرمینیا کے عہدے دار یہ کہہ چکے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کے تنازعے کو پابندیوں کی بجائے بات چیت کے ذریعے طے کرنا چاہیے۔

یہ دورہ ایک ایسے موقع پر ہورہاہے جس کے بارے میں آرمینیا کے توانائی اور قدرتی وسائل کے نائب وزیر آرا سمونیان کا کہنا ہے کہ ایران اور آرمینیا اس سال کے آخر میں ایندھن کی ایک نئی پائپ لائن کی تعمیر شروع کریں گے۔

مجوزہ پائپ لائن تبریز سے آرگاتس تک جائے گی ، جس میں سے 110 کلومیٹر ایرانی حدود میں جب کہ 265 کلومیٹر آرمینیا کی سرزمین پر تعمیر ہوگی۔

XS
SM
MD
LG