رسائی کے لنکس

امریکہ اور یورپ کو اپنی شراکت داری کو جدید رنگ میں ڈھالنا ہو گا: ہلری کلنٹن


امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ اور یورپ کو 21 ویں صدی کے مسائل کے نئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنی شراکت داری کو لازمی طور پر جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اُسے مضبوط تر بنانا ہو گا۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن نے جمعے کے روز پیرس میں کہا ہے کہ دہشت گردی، سائبر حملوں، ماحولیاتی تبدیلیوں اور یورپ کو توانائی کی فراہمی کو درپیش خطرے کی مانند نئے خطروں سے نمٹنے کے لیے نئے طریقہ ہائے کار کی ضرورت ہو گی۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن نے کہا ہے کہ نیٹو نئے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی حکمت عملیوں پر نظرِ ثانی کر رہا ہے اور امریکہ بھی مدد کرنے کے طریقوں کا جائزہ لے رہا ہے۔

انہوں نے اس بارے میں تشویش کو ردّ کرتے ہوئے کہ یورپ نے اوباما انتظامیہ کی ترجیحات کی فہرست میں نیچے چلا گیا ہے، یورپ کی سلامتی کو امریکہ کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون قرار دیا۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن نے روس کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں نے پچھلے سال کے دوران جو پیش رفت کی ہے، اوباما انتظامیہ کو اُس پر فخر ہے۔

انہوں نے امریکہ کی جانب سے روس کے اس مطالبے کی مخالفت کا اعادہ کیا کہ یورپ کے لیے سکیورٹی کے نئے معاہدوں کو عمل میں لیا جائے۔لیکن انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ، نیٹو اور روس کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لینے اور اسی کے ساتھ ساتھ کسی میزائل شکن دفاعی نظام کے معاملے میں روس کے ساتھ تعاون کے راستے تلاش کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

XS
SM
MD
LG