رسائی کے لنکس

ایران کی جوہری تنصیبات کے لیے امریکی فوج کے امکانی منصوبے


امریکہ کے ایک چوٹی کے جنرل نے کہا ہے کہ امریکی مسلح افواج نے ایران کی جوہری تنصیبات کے لیے امکانی منصوبے تیار کر لیے ہیں۔

جنرل ڈیوڈ پیٹرئیس نے سی این این سے نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ مختلف امکانات کے لیے منصوبے تیار نہ کرنا غیر ذمّے داری کی بات ہوتی۔جنرل پیٹرئیس مشرقِ وسطیٰ، خلیج فارس کے خطّے اور وسطِ ایشیا کے لیے امریکہ کی سینٹرل کمان کے سربراہ ہیں۔

جنرل نے امریکی منصوبوں کی وضاحت نہیں کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ابھی واشنگٹن کو یہ فیصلہ کرنے میں کچھ وقت لگے گا کہ ان پر عمل کیا جائے یا نہیں۔ اور انہوں نے کہا ہے کہ اس دوران سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔

اُن کا یہ بیان جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیرمین ایڈمرل مائیک ملن کے بیان سے مطابقت رکھتا ہے، جنہوں نے دسمبر میں کہا تھا کہ صدر کی جانب سے کسی منصوبے کا حکم دیے جانے کے امکان کے پیشِ نظر پینٹاگان ایران کے لیے فوجی منصوبوں کی تیاری کر رہا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ جب ایران انتہائی افزودہ یورینیم کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی باتیں کر رہا ہو تو امریکہ خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتا۔

XS
SM
MD
LG