رسائی کے لنکس

پاکستان میں بھی طالبان کے ساتھ امن بات چیت شروع کرنے پرزور


عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی اسفند یار ولی
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی اسفند یار ولی

افغانستان کے مستقبل کے بارے میں لندن میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے ایک روز بعد پاکستان میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے سیاست دانوں کے طرف سے حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ بھی طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے آگے بڑھے کیونکہ اُن کا ماننا ہے کہ یہی وہ راستہ ہے جس سے علاقے میں امن کی بحالی کی کوششیں موثر ثابت ہوسکتی ہیں۔

صوبہ سرحد میں برسر اقتدار عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی اسفند یار ولی نے اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں ضمنی انتخاب میں ان کی جماعت کے امیدوار کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں لوگوں کی اکثریت عسکریت پسندی کے خلاف ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت طالبان کے ساتھ شروع دن سے مذاکرات کرنے کی حامی رہی ہے اور اسی پالیسی کے تحت مالاکنڈ ڈویژن میں امن معاہدہ کیا گیا لیکن اس فیصلے پر عوامی نیشنل پارٹی کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ امن پسند طالبان کے ساتھ بات چیت کے وہ اب بھی حامی ہیں اور حکومت پاکستان کوان افراد سے مذاکرات شروع کرنے چاہیئیں۔

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے بھی پشاور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں منعقد کی گئی کانفرنس دراصل پاکستان میں ہونی چاہیئے تھی اور یہاں کی حکومت کو ایسی کوششوں کی قیادت کرنے میں پہل کرنے کی ضرورت تھی۔

نواز شریف نے کہا کہ مذاکرات کی پالیسی اپنا کر پاکستان اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں میں یقینی تیزی آئے گی اور اُنھیں اُمید ہے کہ بات چیت کی پالیسی سے صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستانی حکومت نے لندن کانفرنس میں طے پانے والے معاملات خصوصاً افغانستان میں امن مذاکرات کے عمل میں طالبان کی شمولیت کے بھرپور حمایت کی ہے اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی جمعہ کے روز ایک بار پھر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی حمایت کے بغیر جیتنا ممکن نہیں۔

مبصرین کا ماننا ہے کہ لند ن کانفرنس میں ہونے والی پیش رفت کے اب ماضی کے برعکس اندرون ملک عسکریت پسندوں کے ساتھ امن بات چیت شروع کرنے پر بین الاقوامی تنقید شاید پاکستان کی راہ میں آڑے نہیں آئے گی۔

XS
SM
MD
LG