رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: افغانستان کو شکست، سری لنکا فائنل میں


فائل
فائل

ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 254 رنز کا ہدف دیا تھا جس کےجواب میں افغان ٹیم صرف 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 129 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 254 رنز کا ہدف دیا تھا جس کےجواب میں افغان ٹیم صرف 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کے خلاف بھاری مارجن سے فتح پر سری لنکا نے بونس پوائنٹ بھی حاصل کیا ہے جس کے بعد وہ سب سے زیادہ 13 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

پاکستان 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ بھارت اور افغانستان 4،4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ٹورنامنٹ کا میزبان بنگلہ دیش اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکا ہے۔

پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کو پہلی وکٹ صرف 14 رنز پر گری جب اُس کے بلے باز تھری مانے پانچ رنز بنا کر شاپور زدران کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی طرف سے کمار سنگاکارا نے 76، کپتان اینجلو میتھیو 45 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

کمار سنگاکارا اب تک اس ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی طرف سے عمدہ بیٹنگ کرتے آ رہے ہیں۔ انھوں نے پاکستان کے خلاف نصف سنچری اسکور کی اور پھر بھارت کے خلاف انتہائی شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

افغانستان کی طرف سے میر واعظ اشرف نے دو جب کہ شاپور زدران نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً اپنا پہلا ایشیا کپ کھیلنے والی افغان ٹیم سری لنکن بالروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 39 ویں اوور میں صرف 124 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

کپتان محمد نبی 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اصغر استنکزئی نے 27 اور نور علی زردان نے 2۱ رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے پریرا اور اجنتھا مینڈس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ لکمل اور ڈی سلوا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بارہویں ایشیا کپ میں سری لنکا کی یہ مسلسل تیسری فتح ہے۔ ٹورنامنٹ کے اگلے میچ میں منگل کو پاکستان کا مقابلہ میزبان بنگلہ دیش سے ہوگا۔
XS
SM
MD
LG