رسائی کے لنکس

بریڈ فورڈ میں 2016 کا عروسی میلہ


اکتوبر 2015 سے اب تک برطانیہ کے تین بڑے شہروں میں ہونے والے عروسی شو میں 500 کاروباری حضرات اور لگ بھگ بیالیس ہزار افراد نے شرکت کی ہے۔

یوں تو شادی بیاہ کی تقریبات کا کوئی موسم نہیں ہوتا ہے لیکن، لگتا ایسا ہے کہ برطانیہ میں سال کے آخری مہینوں کو ایشیائی طرز کی شادی بیاہ کی نمائش ،ویڈنگ شوز اور عروسی میلوں کے ساتھ منسوب کردیا گیا ہے۔ یہ سرگرمی ایک طرح کا کاروبار بھی ہے جہاں ڈیزائنرز عام لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

ان شوز کی مقبولیت کا اندازا اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ برطانیہ کے تقریباً ہر بڑے شہر میں عروسی شوز کے نام سے سال میں اسی طرح کی کئی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں ایشیائی کمیونٹی کی طرف سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جاتا ہے۔

عروسی میلے رکھے گئے کچھ ملبوسات
عروسی میلے رکھے گئے کچھ ملبوسات

اس ہفتے برطانیہ میں منی پاکستان کہلانے والے شہر بریڈ فورڈ میں سال کے سب سے بڑے اور مقبول عروسی شو 'نیشنل ایشین ویڈنگ شو' کا انعقاد کیا گیا.

بریڈ فورڈ کے 'سیڈر کورٹ ہوٹل' کے پرشکوہ ہال میں سجنے والے عروسی شو کے شاندار انعقاد کا سہرا ماننے سنگھ کو جاتا ہے جو پچھلے گیارہ برسوں سے مشرقی طرز کی شادی کی منصوبہ بندی کے لیے مارکیٹ کی معروف شادی بیاہ کی کمپنیوں اور دولہا اور دلہن کے خاندانوں کو ایک ہی چھت کے نیچے ملاقات کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

شادی بیاہ کی تمام ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے عروسی شو میں ایک ہی چھت کے نیچے دولہا کی سواری سے لے کر دلہن کی پالکی ،کیٹرنگ ، ہال کی سجاوٹ ، ڈی جے ،فوٹو گرافرز عروسی ملبوسات ، زیورات، میک اپ آرٹسٹ ،ہیر اسٹائلسٹ اور ویڈنگ ماہرین کی خدمات کے درجنوں اسٹائل لگائے گئے تھے۔

عروسی ملبوسات کی نمائش
عروسی ملبوسات کی نمائش

ہوٹل کے باہر دولہے کی سواری کرائے پر فراہم کرنے والی کمپنیوں نے مرسیڈیز ،رولز رائس اور فراری جیسی قیمتی کاروں کو نمائش کے لیے رکھا تھا جبکہ استقبالیہ پر رکھے گئے روایتی ٹک ٹک رکشے نے لوگوں کی خاصی توجہ حاصل کی.

ویڈنگ شو میں حسب روایت عروسی ملبوسات کو پیش کرنے کے لیے خصوصی فیشن شو کا اہتمام کیا گیا تھا صوفیانہ کلام اور دھیمے سروں کی موسیقی کے ساتھ جس وقت فیشن شو کا آغاز ہوا تو ماحول پر ایک سحر طاری ہوگیا۔

فیشن شو میں یورک شائر کے ٹاپ فیشن بوتیک 'میساء' کی طرف سے عروسی ملبوسات کا جدید انتخاب پیش کیا گیا ۔ ماڈلز نے روایتی سرخ رنگ اور کھلتے ہوئے رنگوں کے عروسی جوڑوں کو گلیمرس انداز میں ریمپ پر پیش کیا جبکہ، ان کے ساتھ دولہے کے لباس میں بھاری کامدار شیروانی، کامدار کرتے پاجامے میں ملبوس ماڈلز نے شو کی رونق میں چار چاند لگا دئیے۔

بریڈفورڈ میں عروسی ملبوسات کی نمائش
بریڈفورڈ میں عروسی ملبوسات کی نمائش

ریمپ پر ممبئی اسٹور ،زیبا خان ،حور بوتیک اور ساچے بوتیک نے اپنے عروسی ملبوسات کے انتخاب کی نمائش کی ،جس میں دلہن کے روایتی بھاری کامدار شرارے اور غرارے کو ہلکے رنگوں میں جدت کے ساتھ پیش کیا گیا اس کے علاوہ آج کل کے فیشن ایبل کرتے پاجامے ،فرشی گاؤن ،شلوار قمیض، میکسی ،لہنگا کرتہ اور پارٹی ملبوسات کی بھی بڑی ورائٹی سے انتخاب پیش کیا گیا جو شادی کی دیگر تقریبات کی مناسبت سے تیار کئے گئے تھے جبکہ حاضرین کی طرف سے دلہن کے زیورات ،میک اپ آرٹسٹ اور ہیر اسٹائلسٹ کے کام کو بھی سراہا گیا۔

عروسی زیوارت 'جیولری باکس' کے اسٹال پر موجود گیتا نے وائس آف امریکہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس عروسی جوڑے کی مناسبت سے کرسٹل کے ہلکے اور بھاری زیورات کا ایک بہت بڑا انتخاب موجود ہے ان کا کہنا تھا چونکہ یہ ڈیزائنر زیورات ہیں اس لیے ان کی قیمت تھوڑی زیادہ ہے اور ایک ہلکے پھلکے سیٹ کی قیمت کم ازکم 350پاونڈ تک ہے۔

بریڈ فورڈ میں عروسی ملبوسات کی نمائش
بریڈ فورڈ میں عروسی ملبوسات کی نمائش

'برفیا یورک شائر ' کے اسٹال پر خوبصورت مٹھائیوں کا ایک شاندار ڈسپلے لگایا گیا تھا جو لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہا تھا ۔مٹھائی کے اسٹال پر موجود ہیلن نے بتایا کہ ہم شادی یا دیگر تقریبات کے لیے نہ صرف رنگ برنگی مٹھائیاں تیار کرتے ہیں بلکہ ہماری ڈیزائنر مٹھائیاں شادی کی تقریبات میں چار چاند لگا دیتی ہیں.

ویڈنگ پلانر کمپنی 'گریس فلی یورز ' کی جانب سے شادی کے خاص دن کے لیے ہال کی سجاوٹ کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں کمپنی کی طرف سے دولہا دلہن کے اسٹیج کی سجاوٹ کا ایک خوبصورت ڈسپلے رکھا گیا تھا۔

شو کی خاص بات یہ تھی کہ یہاں لوگ ویڈنگ پلانرز سے ملاقاتیں کر رہے تھے اور شادی کی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے مشورے حاصل کرتے نظر آئے۔​

بریڈ فورڈ کا عروسی میلہ
بریڈ فورڈ کا عروسی میلہ

عروسی شو میں ہماری ملاقات ایک ایسے خاندان سے ہوئی جنہیں پاکستان سے آئے ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا اور وہ اپنے گھر کی پہلی شادی کی تیاریوں کے حوالے سے خاصی فکرمند تھیں۔ صفیہ بیگم نے بتایا کہ میرے لیے پردیس میں شادی کی تیاری کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا لیکن یہاں میری ملاقات کیٹرز سے لے کر ہیر اسٹائلسٹ سب سے ہوئی ہے مجھے اب کافی اطمینان محسوس ہو رہا ہے۔

نیشنل ایشین ویڈنگ شو کے آرگنائزر ماننے سنگھ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اکتوبر میں لندن میں ہونے والے ایشین ویڈنگ شو کی شاندار کامیابی کے بعد یہ سال کا دوسرا عروسی شو ہے اور بریڈ فورڈ میں بھی ہمارے شو کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ان کے مطابق اکتوبر 2015 سے اب تک برطانیہ کے تین بڑے شہروں میں ہونے والے عروسی شو میں 500 کاروباری حضرات اور لگ بھگ بیالیس ہزار افراد نے شرکت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG