رسائی کے لنکس

آصف علی ’زرداری قبیلے‘ کے سردار بن گئے


جو دستار شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو پہنائی گئی وہ ان کے والد حاکم علی زرداری کے زیر استعمال رہی ہے، جو اپنے قبیلے کے پہلے سردار تھے

آصف علی زرداری پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین تو تھے ہی اب ’زرداری‘ قبیلے کے سردار بھی بن گئے ہیں۔

سرداری کا باقاعدہ اعلان منگل کو ’شہید بینظیر آباد‘ میں واقع ’زرداری ہاوٴس‘ میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔ ’شہید بینظیر آباد‘ سندھ کے قدیم شہر ’نواب شاہ‘ کا نیا نام ہے۔

سرداری کا منصب سنبھالنے کی خوشی میں ہونے والی تقریب میں زرداری قبیلے کی مختلف شاخوں کے سربراہوں نے شرکت کی اور سابق صدر کی دستاربندی میں حصہ لیا۔

دستاربندی کی رسم تقریب کا اہم ترین جز تھی۔ اس موقع پر قبیلے کے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر اور پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں تقریب اور سابق صدر کی جانب سے اس موقع پر خطاب کے حوالے سے بتایا کہ آصف علی زرداری نے قبیلے کے افراد کو آپس میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے کی تلقین کی.

سردار آصف علی زرداری نے قبیلے کے معززین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے نہ تو ماضی میں کبھی اپنے قبیلے کو فراموش کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کروں گا۔‘

جو دستار شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو پہنائی گئی وہ ان کے والد حاکم علی زرداری کے زیر استعمال رہی ہے، جو آصف علی زرداری سے پہلے اپنے قبیلے کے سردار تھے۔ 24 مئی 2011ء کو اُن کا انتقال ہوا۔ تبھی سے آصف علی زرداری ان کے جانشین قرار پائے تھے۔ تاہم، باقاعدہ دستاربندی ہونا باقی تھی جو منگل کو پوری کی گئی۔

XS
SM
MD
LG