رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا: کشتی ڈوبنے سے 10 افراد ہلاک، کئی لاپتا


کشتی جس بندرگاہ سے روانہ ہوئی تھی اس کے ریکارڈ کے مطابق اس پر 22 ملاح سوار تھے۔

جنوبی کوریا میں ماہی گیروں کی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور ایک درجن کے لگ بھگ لاپتا ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق کشتی کو حادثہ ہفتے کی شب ملک کےجنوب مشرقی ساحل کے نزدیک پیش آیا۔کشتی چوجا نامی جزیرے سے روانہ ہوئی تھی جس کے کچھ گھنٹوں بعد ساحل سے اس کا ریڈیو رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ 'ڈولفن' نامی نو ٹن وزنی کشتی اتوار کی صبح سیاحتی جزیرے جیجو سے مل گئی ہے جس پر سوار تین افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص نےخبر رساں ادارے 'یونہاپ' کو بتایا ہے کہ سمندر میں طغیانی کے باعث کشتی آناً فاناً ہی الٹ گئی تھی جس کےباعث اس پر سوار افراد کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔

اس نے بتایا کہ وہ اور اس کے دو ساتھی الٹی ہوئی کشتی پر سوار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے اور 10 گھنٹوں تک سمندر میں بھٹکتے رہے جس کےبعد امدادی اہلکار ان تک پہنچے اور ساحل منتقل کیا۔

کشتی جس بندرگاہ سے روانہ ہوئی تھی اس کے ریکارڈ کے مطابق اس پر 22 ملاح سوار تھے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ فہرست میں موجود چار افراد کشتی پر سوار نہیں ہوئے تھے جب کہ زندہ بچنے والے ایک شخص کا نام فہرست میں موجود نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ درجنوں فوجی اور سول جہاز اور کشتیاں حادثے میں بچ جانے والے مزید افراد کو تلاش کر رہی ہیں۔

'یونہاپ' کے مطابق صدر پارک گوئن ہائی نے متعلقہ حکام کو حادثے میں لاپتا ہونے والے افراد کی تلاش اور امداد کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جنوبی کوریا میں گزشتہ سال ملک کی تاریخ کا بد ترین بحری حادثہ پیش آیا تھا جب ملک کےجنوب مشرقی ساحل کے نزدیک ایک فیری ڈوبنے سے اس پر سوار 300 مسافر ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت کم سن طلبہ کی تھی۔

XS
SM
MD
LG