رسائی کے لنکس

مصر: فٹ بال اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی، 25 افراد ہلاک


ہنگامہ آرائی کے بعد کا منظر
ہنگامہ آرائی کے بعد کا منظر

پولیس افسران کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسٹیڈیم پر دھاوا بولنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی تھی۔

مصر میں ایک فٹ بال میچ کے دوران ایک ٹیم کے حامیوں اور پولیس کے دوران جھڑپوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی شب دارالحکومت قاہرہ کی دو مقامی فٹ بال ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔

پولیس حکام کے مطابق 'زمالیک' اور 'اینپی' نامی فٹ بال کلب کے درمیان دارالحکومت کے 'ایئر ڈیفنس اسٹیڈیم' میں میچ ہونا تھا جس میں شرکت کے لیے 'زمالیک' کے سیکڑوں حامی اسٹیڈیم کے باہر جمع تھے۔

مصر کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فٹ بال کلب کے حامیوں نے زبردستی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اسٹیڈیم کے دروازوں پر دھاوا بول دیا جس پر سکیورٹی اداروں کو انہیں پیچھے دھکیلنے کے لیے کارروائی کرنا پڑی۔

وزارتِ داخلہ کے بیان میں واقعے کی تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہیں لیکن پولیس افسران کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسٹیڈیم پر دھاوا بولنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی تھی۔

'زمالیک' فٹ بال کلب کے حامیوں کی انجمن نے مرنے والے افراد کی فہرست ذرائع ابلاغ کو جاری کی ہے جس کے مطابق تمام ہلاک شدگان عام شہری اور فٹ بال شائقین تھے۔

حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

مصر میں اس سے قبل بھی فٹ بال میچز کے دوران بڑے پیمانے پر تشدد اور ہلاکتوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ 2012ء میں پورٹ سعید میں قاہرہ اور پورٹ سعید کی دو فٹ بال ٹیموں کے میچ کے دوران پیش آیا تھا جس میں دونوں ٹیموں کے حامیوں کے درمیان تصادم میں 74 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG