رسائی کے لنکس

عاطف اسلم کے یہاں بیٹے کی ولادت


بیٹے کی ولادت پر بھرپور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، عاطف اسلم نے اپنے پرستاروں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بچے کا نام تجویز کرنے کی دعوت دی ہے

پاکستانی پاپ سنگر، عاطف اسلم ایک بیٹے کے باپ بن گئے ہیں۔ جی ہاں ۔۔۔ہے نہ خوشی کی خبر! عاطف اسلم کی شریک حیات سارا بھروانا نے ایک صحت مند اور خوب صورت بیٹے کو جنم دیا ہے۔

اس خبر کے چرچے سب سے پہلے سوشل میڈیا پر ہوئے جس سے ثابت ہوا کہ سوشل میڈیا سے اب کچھ چھپا نہیں رہا۔

عاطف کے پرستاروں نے نہ صرف اس خبر کو بڑھ چڑھ کر ایک دوسرے سے شیئر کیا بلکہ نوزائید بچے کی تصاویر کا بھی آپس میں خوب تبادلہ کیا۔

آخر کار عاطف اسلم سے بھی رہا نہیں گیا؛ اور انہوں نے فیس بک پیج پر آکر ان خبروں کی تصدیق کردی۔ ان کے مطابق، سارہ نے جمعہ کو لاہور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں بیٹے کو جنم دیا جس کا وزن تین کلو ہے۔ عاطف کا کہنا تھا کہ ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

عاطف اسلم نے نہایت جوش بھرے انداز میں اپنے پیج پر بیٹے کی ولادت پر اللہ کا شکر ادا کیا، جبکہ پرستاروں کی طرف سے ملنے والی نیک تمناوٴں، دعاوٴں اور خواہشات کا بھی انہوں نے خوش گوار انداز میں شکریہ ادا کیا۔ یہی نہیں، بلکہ، انہوں نے پرستاروں کو بچے کا نام تجویز کرنے کی بھی دعوت دی ہے۔
XS
SM
MD
LG