رسائی کے لنکس

دہشت گرد حملے کے بعد اٹارنی جنرل کا دورہ اورلینڈو


اورلینڈو کے میئر بڈی ڈائر (بائیں) اور اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ سٹی ہال میں حملے کی ایک یادگار پر کھڑے ہیں۔
اورلینڈو کے میئر بڈی ڈائر (بائیں) اور اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ سٹی ہال میں حملے کی ایک یادگار پر کھڑے ہیں۔

لوریٹا لنچ نے کہا کہ یہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ تقریباً مکمل طور پر محبت سے معروف ایل جی بی ٹی برادری یعنی ہم جنس پرست، دونوں جنسوں کی طرف رجحان رکھنے والے اور جنس تبدیل کرنے والے افراد کو کتنی مرتبہ نفرت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکہ کی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے منگل کو فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کا دورہ کیا اور نو روز قبل ایک کلب پر مہلک حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔

لوریٹا نے شہر کی غمزدہ ہم جنس پرست برادری سے کہا کہ ’’ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ انہوں نے حملے کی تحقیقات میں شریک فلوریڈا کے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے لیے اوقات کار سے زیادہ (اوور ٹائم) کام کی مد میں دس لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ کا اعلان کیا۔

لوریٹا لنچ نے استغاثہ کے حکام، جائے حادثہ پر سب سے پہلے پہنچنے والے افراد اور امریکہ کی جدید تاریخ میں فائرنگ کے سب سے مہلک واقعے کے متاثرین سے ملاقاتیں کیں۔

دریں اثنا تحقیق کار حملہ آور عمر متین کے پس منظر کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں جس نے 12 جون کو پلس نائٹ کلب میں حملہ کر کے 49 افراد کو ہلاک اور درجنوں افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

لوریٹا لنچ نے کہا کہ یہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ تقریباً مکمل طور پر محبت سے معروف ’ایل جی بی ٹی‘ برادری یعنی ہم جنس پرست، دونوں جنسوں کی طرف رجحان رکھنے والے اور جنس تبدیل کرنے والے افراد کو کتنی مرتبہ نفرت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے ایل جی بی ٹی برادری سے کہا کہ ’’ہم آپ کے ساتھ یہ کہنے کے لیے کھڑے ہیں کہ اس دنیا میں اچھائی برائی سے بہت بھاری ہے، ہماری مشترکہ انسانیت ہمارے اختلافات سے بالاتر ہے، اور دہشت گردی اور نفرت کا سب سے مؤثر جواب ہمدردی، اتحاد اور محبت ہے۔‘‘

منگل کو ہی اورلینڈو پولیس نے نائٹ کلب کے قریب سڑکوں کو کھول دیا اور جائے وقوعہ پر اپنی تحقیقات کو ختم کیا۔ حملے کے بعد نائٹ کلب کے قریب بنائی جانے والی عارضی یادگار اب بھی موجود ہے جبکہ فٹ پاتھوں اور بجلی کے کھمبوں پر چاک سے تعزیتی پیغامات درج کیے گئے ہیں۔

ان میں دل کی تصاویر، ’خدا آپ پر رحمت کرے‘ اور #orlandostrong یعنی ’مضبوط اورلینڈو‘ کے پیغامات شامل ہے۔

لوریٹا لنچ نے تحقیقات کے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ آیا حکام اس کیس میں کسی پر الزام عائد کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق کار ’’واپس جائیں گے ۔۔۔ اور یہ دیکھیں گے کہ کیا ایسا کچھ تھا جو انہوں نے نظر انداز کیا اور ‘‘ عمر متین کو ممکنہ خطرے کے طور پر چانچنے میں ’’کیا ہم کچھ بہتر کر سکتے تھے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’لوگ اکثر ایک سے زائد محرکات کی وجہ سے کوئی کارروائی کرتے ہیں‘‘ اور یہ ہو سکتا ہے کہ کسی محرک کا کبھی پتا نہ چل سکے۔

حملے کے دوران پولیس نے عمر متین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG