رسائی کے لنکس

سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

منگل کو آکلینڈ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں 281 رنز بنائے۔ لیکن ڈک ورتھ لیوس سسٹم کے تحت نیوزی لینڈ کا ہدف 298 رنز مقرر کیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میچ تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کرکٹ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

منگل کو آکلینڈ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں 281 رنز بنائے۔ لیکن ڈک ورتھ لیوس سسٹم کے تحت نیوزی لینڈ کا ہدف 298 رنز مقرر کیا گیا۔

آکلینڈ میں بارش کے باعث کھیل کو روکنا پڑا جس کی وجہ سے مقررہ 50 اوورز کی بجائے کھیل 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

298 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جب اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اُس کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا، ولیمسن چھ رنز جب کہ میکولم 59 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ایلیٹ اور اینڈرسن کی 103 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم کو سنھبالا ملا۔ اییلیٹ نے تین چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ اینڈرسن نے 58 رنز بنائے۔

میچ اس وقت دلچسپ اور سنسنی خیز لمحات میں داخل ہو گیا جب آخری اوور کی تین گیندوں پر چھ رنز درکار تھے اور نیوزی لینڈ کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں۔ ایلیٹ نے پانچویں گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا اور یوں نیوزی لینڈ نے یہ ہدف 42.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل نے تین جب کہ اسٹین اور ڈومنی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کے پلیسز 82 جب کہ کپتان اے بی ڈویلیئرز 65 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے اینڈرسن نے تین جب کہ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز ایلیٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراد دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG