رسائی کے لنکس

میلبورن ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، سیریز بھی ہار گیا


آسٹریلوی کپتان اسمتھ نے 624 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس میں کپتان اسٹیون اسمتھ کے شاندار ناقابل شکست 165 رنز بھی شامل تھے۔

میلبورن ٹیسٹ میں بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 18رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں دو۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

مچل اسٹارک نے 4وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اسٹیون اسمتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کپتان مصباح الحق نے شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سوچا نہیں تھا ہم ’’اتنا مایوس کن پر فارم کریں گے۔‘‘

اظہر علی اور سرفراز احمد کے سوا کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین آسٹریلوی باؤلنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم صرف 163رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز حسب معمول ایک بار پھر مایوس کن رہا، سمیع اسلم کو صرف تین رنز پر ہیزل ووڈ نے کلین بولڈ کر دیا۔ مجموعی اسکور میں صرف تین رنز کے اضافے کے بعد بابر اعظم تین کے انفرادی اسکور پر اسٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ صرف 89 رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، سینیئر بیٹسمین یونس خان 24، کپتان مصباح الحق صفر اور اسد شفیق 16رنز ہی بنا سکے۔

اظہر علی نے دوسری اننگز میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ایک اینڈ سنبھالے رکھا لیکن وہ بھی ہمت ہار گئے اور 43 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

اظہر علی نے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 248 رنز بنائے جو اس گراؤنڈ پر کسی بھی بیٹسمین کا دوسرا بڑا اسکور ہے، اس سے قبل 1925ء میں انگلینڈ کے اسٹک لیف نے دونوں اننگز میں سنچریز کی مدد سے 303 رنز بنائے تھے۔

محمد عامر کو برڈ نے کلین بولڈ کیا، وہ 11 رنز ہی بنا سکے، سرفراز احمد 43 رنز پر اسٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، وہاب ریاض اور یاسر شاہ کو بھی اسٹارک نے پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹارک نے 4، لیون نے 3، ہیزل ووڈ نے 2 اور برڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان اسمتھ نے 624 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس میں کپتان اسٹیون اسمتھ کے شاندار ناقابل شکست 165 رنز بھی شامل تھے، مچل اسٹارک نے 84 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 154 رنز کا اضافہ کیا۔

دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر 144، عثمان خواجہ 97 اور ہینڈزکومب 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر 624 رنز کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل1937ء میں آسٹریلیا ہی نے انگلینڈ کے خلاف 604 رنز بنائے۔

اس ٹیسٹ میں بھی آسٹریلوی ٹیم فتح سے ہمکنار ہوئی تھی جب کہ اس گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم 1972ء میں 574 رنز بنا چکی ہے لیکن اس ٹیسٹ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کی طرف سے سہیل خان اور یاسر شاہ نے تین، تین جب کہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آخری اسکور یہ رہا، پہلی اننگز میں پاکستان 443 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر اور 163رنز، آسٹریلیا 624 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ تین جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG