رسائی کے لنکس

سیلاب کی وجہ سے آسٹریلیا کی معیشت متاثر ہوگی: وفاقی افسر


سیلاب کی وجہ سے آسٹریلیا کی معیشت متاثر ہوگی: وفاقی افسر
سیلاب کی وجہ سے آسٹریلیا کی معیشت متاثر ہوگی: وفاقی افسر

آسٹریلیا کے مالی امور سے متعلق وفاقی افسر وائن سوان نے کہا ہے کہ ملک کے وسیع حصے میں تباہی پھیلانے والا سیلاب معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کرے گا، جب کہ تعمیر نو کے لیے کئی برس کا عرصہ درکار ہوگا۔

پیر کے روز سوان نے کہا کہ یہ قدرتی آفت ملکی تاریخ میں معیشت کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو گی اور 2013ء تک فاضل بجٹ کا ہدف حاصل کرنے کے لیے حکومت کو بعض کٹھن فیصلے کرنا ہوں گے جن میں سرکاری اخراجات میں کمی شامل ہے۔

اُنھوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاری کے باعث ملک میں انشورنس کے شعبے کا مستقبل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

سیلاب سے ریاست کوئینز لینڈ کا تین چوتھائی حصہ متاثر ہوا ہے جہاں 40 سے زائد آبادیوں میں شہری املاک، زرعی فصلوں اور بنیادی سہولتوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ اربوں ڈالر میں لگایا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق کئی ہفتوں سے جاری سیلاب کی وجہ سے کم از کم 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 14 لاپتا ہیں۔

کوئینز لینڈ میں تباہی کے بعد سیلابی ریلا ریاست وکٹوریا میں داخل ہو گیا ہے جہاں تاحال 43 قصبوں میں ایک ہزار چار سو سے زائد مکانات متاثر ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG