رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: اگست میں عام انتخابات کا اعلان


آسٹریلیا کی وزیر ِِٕ اعظم جولیا گیلارڈ نے، جِنھوں نےصرف تین ہفتےقبل عہدہ سنبھالا تھا، 21اگست کوعام انتخابات کا اعلان کیا ہے۔

مز گیلارڈ کی طرف سے ہفتے کو انتخابات کی تاریخ کےاعلان کےبعد سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ یہ اُن کی سیاسی زندگی کا دشوارترین مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے۔

آسٹریلیا کی حکمراں لیبر پارٹی کی سربراہ کی حیثیت سے مز گیلارڈ نے تین ہفتے قبل کیون رُڈ کی جگہ وزیرِ اعظم کے فرائض سنبھالے۔ اُنھوں نے کہا کہ عام انتخابات کے نتیجے میں ملک کو آگے بڑھنے کا موقعہ ملے گا۔

کئی ایک غیر مقبول فیصلوں کے نتیجے میں، جس میں کان کُنی کی صنعت کے منافع پر ٹیکسوں میں اضافے کی تجویز شامل ہے، مسٹر رُڈ کی حمایت میں کمی واقع ہوئی تھی۔

عوامی جائزوں کے مطابق جب سے مز گیلارڈ نے حکومت کی قیادت سنبھالی ہے لیبر پارٹی نےمقبولیت میں حزبِ اختلاف کی قدامت پسند پارٹی پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ تاہم، تجزیہ کاروں کوسخت مقابلے کی توقع ہے۔

مز گیلارڈ پہلی خاتون وزیرِ اعظم ہیں۔ حزبِ اختلاف کی قیادت ٹونی ایبٹ کر رہے ہیں جنھوں نے ہفتے کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ گیلارڈ قوم کی قیادت کی اہل نہیں۔

اِمیگریشن، آسٹریلیائی معیشت کی صورتِ حال اور موسم کی تبدیلی، وہ اہم اشوز ہیں جو متوقع طور پر انتخابی مہم کے دوران پیش پیش رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG