رسائی کے لنکس

جولیا گیلارڈ، آسٹریلیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم


آسٹریلیا کی نئی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ
آسٹریلیا کی نئی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ

جولیا گیلارڈ آسٹریلیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بن گئی ہیں۔ سابق وزیر اعظم کیون رڈ خود پر اپنی قیادت کے عدم اطمینان اور عوامی حمایت سے محرومی کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔ آئندہ مہینوں میں ہونے والے انتخابات میں وہ اپنی حکمران لیبر پارٹی کی قیادت کریں گے۔

اپنی پارٹی کے ساتھیوں کی حمایت کھونے کے بعد کے 24 گھنٹےوزیر اعظم کی حیثیت سے کیون رڈ کے لیے بڑے ڈرامائی تھے اور انہیں اپنا عہدہ چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ان کا سیاسی اختتام بڑی تیزی اور بڑی بے رحمی سے ہوا۔

آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بار ملک کی قیادت سنبھالنے کے لیے مسٹر کیون رڈ کے متبادل کے طورپر ایک خاتون جولیا گیلارڈ کو سامنے لایا گیا۔سیاست میں آنے سے قبل وہ ایک وکیل تھیں۔

انہیں اس وقت جس چیلنج کا سامنا ہے ، وہ منقسم حکومت کو متحدکرنا اوراقتدارہاتھ میں رکھنے کے حوالے سے اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ میں پائے جانے والے خدشات دور کرنا ہے۔

انتخابی حلقوں میں لیبر حکومت کی حمایت میں تیزی سے کمی ،جب کہ قدامت پسند حزب اختلاف کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

گیلارڈ کا کہنا ہے کہ وہ ایک اور مدت کے لیے دوبارہ انتخابات میں جانے کے لیے تیار ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ میں اس ملک سے محبت کرتی ہوں اور میں خاموشی سے نہیں بیٹھوں گی اور آنے والے دنوں میں حزب اختلاف کی جانب سے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کٹوتیاں اور کارکنوں کے حقوق کم ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی ۔ میری اقدار اور میرا یقین مجھے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے لیے آگے لایا ہے۔

ان کے عہدہ سنبھالنے سے قبل سابق وزیر اعظم کیون رڈ کی حمایت میں ،اس سال کے شروع میں ماحولیات سے متعلق گیسوں کے اخراج کی پالیسی کے باعث کمی آنا شروع ہوگئی تھی۔ جس پر تنقید سے ان کا سیاسی انحطاط کا آغاز ہوا۔اورکان کنی پر متنازع ٹیکسوں کے منصوبوں کے اعلان نے ان کی حمایت مزید کم کردی

اور اختتام کار لیبر پارٹی کے طاقت ور عناصر نے یہ محسوس کیا کہ مسٹر رڈ، جنہوں نے 2007ء کے انتخابات میں پارٹی کو ایک بڑی فتح دلوائی تھی، اب محض ایک بوجھ بن کررہ گئے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے اپنی جذباتی الوداعی تقریر میں اپنے دور اقتدار کی کامیابیوں میں آسٹریلیا کو کسادبازاری کے اثرات سے محفوظ رکھنے کوسرفہرست رکھا اور ماضی میں قدیم آسٹریلوی قبائل سے کی جانے والی بدسلوکی پر اپنی معافی کا ذکر بھی کیا۔

توقع ہے کہ نئی وزیر اعظم گیلارڈ پالیسی میں کئی نمایاں تبدیلیاں متعارف کرائیں گی۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ وہ جنگ کے حوالے سے اپنے ووٹروں کا اعتماد جیتنے کے لیےافغانستان سے 1550 آسٹریلوی فوجیوں کی جلد واپسی کے اقدامات کرسکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG