رسائی کے لنکس

کراچی میں آسٹریا کا قونصل خانہ قائم، اعزازی اہل کار تعینات


دفتر کے افتتاح کے موقع پر باقاعدہ ایک پُرتکلف تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں پاکستان میں تعینات آسٹریا کی سفیر ڈاکٹر بری گیٹا بلاہا اور اعزازی قونصل بابر تجمل بھی شریک تھے

پاکستان کی درآمدات اور برآمدات کے ’بحری‘ راستے کراچی سے ہوکر گزرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ملک کا سب سے اہم ’معاشی مرکز‘ بھی کہا جاتا ہے۔

یورپی ملک آسٹریا نے اسی حقیقت کے پیش نظر اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور معاشی رابطوں کو مزید فروغ دینے کے لئے کراچی میں اپنا قونصلیٹ آفس قائم کردیا ہے، جبکہ راجہ بابر تجمل کو اعزازی قونصل مقرر کیا ہے۔

آفس کے افتتاح کے موقع پر باقاعدہ ایک پر تکلف تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پاکستان میں تعینات آسٹریا کی سفیرڈاکٹر بری گیٹا بلاہا اور اعزازی قونصل بابرتجمل نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا ایک خاص پہلو یہ بھی تھا کہ چونکہ یہ خوشی کا موقع تھا، لہذا اسے یادگار بنانے اور حاضرین کو محظوظ کرنے کے لئے موسیقی کا بھی انتظام کیا گیا۔ ویانا سے خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے آسٹریا کے نامور موسیقار رینالڈ ڈیپ نے مدھر دھنیں بکھیریں اور محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ رینالڈ ڈیپ سیکسوفون اور کلارینیٹ بجانے میں مکمل مہارت رکھتے ہیں۔

ڈیپ نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس(ناپا) کے زیر اہتمام ’انٹرنیشنل میوزک فیسٹول 2015ء‘ میں مشہورپاکستانی ستارنوازاستاد نفیس اور طبلہ نواز استاد بشیر کے ساتھ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

آسٹرین قونصل خانے میں ہونے والی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں، شہر کی اہم شخصیات اورسفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ان میں ابوظہبی میں تعینات ہیڈآف ٹریڈ مشن رچرڈ بینڈرااورمتحدہ عرب امارات میں یورپی یونین آفس کے سر براہ ڈاکٹر وولف گینگ پینزییاز بھی شامل تھے۔

آسٹریا کے اعزازی قونصل بابرتجمل نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اورآسٹریا کے تجارتی اورثقافتی رشتوں میں گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوطی آئے گی۔

راجہ بابر تجمل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے آسٹریا کی خدمات کوفراموش نہیں کیا جا سکتا۔2005ء کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی کاموں میں آسٹریا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، جبکہ آسٹریلیا پاکستانی طالب علموں کو اسکالرشپ بھی دے رہا ہے۔ان اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔‘

مذکورہ تقریب کے موقع پر آسٹریا کی سفیر ڈاکٹربری گیٹا بلاہا نے کہا کہ کراچی میں قونصل خانے کے قیام سے پاکستان اور آسٹریا کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ آسٹریا، پاکستان کے اقتصادی وسماجی شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔

XS
SM
MD
LG