رسائی کے لنکس

ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل ’منفرد واقع نہیں‘: مراسلہ


واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے نے ایک مراسلے میں کہا ہے کہ ’جعلی ڈگری اور دھوکہ دہی کا یہ کوئی منفرد واقعہ نہیں جو پاکستان میں پیش آیا۔ بلکہ، ایسے کئی واقعات امریکہ سمیت دنیا بھر میں پیش آتے ہیں۔ لیکن، اس مسئلے پر کوئی بھی حکومت پر انگلی نہیں اٹھاتا‘

پاکستان نے ایگزیکٹ کے حوالے سے نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی خبروں میں پاکستانی حکومت کو ملوث کرنے کی کوششوں کی سخت مذمت کی ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان، ندیم ہوتیانہ نے نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹر کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ آپ کی 18 مئی کی تحقیقاتی رپورٹ کی اشاعت کے بعد، حکومت نے پاکستانی کمپنی ایگزیکٹ کے خلاف جعل سازی اور دھوکہ دہی کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

لیکن، اُنھوں نے کہا کہ، بعد میں اس حوالے سے شائع کیے گئے آپ کے ایڈیٹوریل دیکھ کر مایوسی ہوئی، جس میں پاکستانی حکومت کو اس مقدمے میں ملوث کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ’جعلی ڈگری اور دھوکہ دہی کا یہ کوئی منفرد واقعہ نہیں تھا جو پاکستان میں پیش آیا۔ بلکہ، ایسے کئی واقعات امریکہ سمیت دنیا بھر میں پیش آتے ہیں۔ لیکن، اس مسئلے پر کوئی بھی اس حکومت پر انگلی نہیں آٹھاتا۔‘

خط میں اس بات کی توقع ظاہر کی گئی ہے کہ ’مستقبل میں اخبار کوئی مبالغہ آرائی اور نتائج اخذ کرنے کے بجائے پاکستانی قانون کو اس مقدمے سے نمٹنے دے گا، تاکہ اگر کوئی قصوروار پایا گیا تو اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے‘۔

XS
SM
MD
LG