رسائی کے لنکس

باجوڑ میں عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی میں شدت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

طالبان شدت پسندوں کے خلاف سرکاری فوج کے فضائی اور زمینی کارروائی کا ہدف باجوڑ ایجنسی کے سرحدی علاقوں سیوئی اور ڈمہ ڈولہ میں واقع ٹھکانے تھے۔ حکام کے بقول پچھلے دو روز کے دوران ہونے والی کارروائیوں میں مجموعی طورپر 30جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے جب کہ کارروائی مین متعدد شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے سیوئی کے علاقے سے عسکریت پسندوں کو نکال باہر کیا ہے۔ گذشتہ دو دنوں سے باجوڑ ایجنسی کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ ہے اور روزمرہ کے معمولات معطل ہیں۔

اس قبائلی علاقے میں ہونے والی فوجی کارروائی میں تیزی دو دن قبل ایک خودکش حملے کے بعد آئی جس میں تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت 16افراد ہلاک اور 24زخمی ہوگئے تھے۔

ادھر طالبان جنگجوؤں کے کمانڈر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بارے میں ابھی تک متضاد اطلاعات مل رہی ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکیم اللہ 14جنوری کو جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ایک تربیتی مرکز پر ہونے والے امریکی میزائل حملے میں شدید زخمی ہوا تھا اور تین روز بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ طالبان عسکریت پسند ان دعوؤں کی تردید کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG