رسائی کے لنکس

بلوچستان: اسپیکر اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور


اسلم بھوتانی (فائل فوٹو)
اسلم بھوتانی (فائل فوٹو)

اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 47 ارکان نے ووٹ دیے جب کہ تحریک کی مخالفت میں صرف ایک رکن صوبائی اسمبلی نے اپنا ووٹ ڈالا۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی اسمبلی نے بدھ کو اسپیکر اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد منظور کر لی۔

اس صوبائی اسمبلی میں اراکین کی کل تعداد 64 ہے اور اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 47 ارکان نے ووٹ دیے جب کہ تحریک کی مخالفت میں صرف ایک رکن صوبائی اسمبلی نے اپنا ووٹ ڈالا۔ 13 اراکین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ اسلم ریئسانی نے بعد ازاں کوئٹہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے بعد نیا اسپیکر نامزد کیا جائے گا۔

گزشتہ ماہ اسلم بھوتانی نے صوبائی اسمبلی کے طلب کیے گئے اجلاس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کی صدارت نہیں کریں گے کیوں کہ ان کے بقول بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ صوبائی حکومت حکمرانی کا قانونی جواز کھو چکی ہے اور ایسے میں اجلاس بلانا توہینِ عدالت کے زمرے میں آ سکتا ہے۔

صوبے میں قیام امن میں ناکامی پر عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ جب عوام کو تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا تو ایسے میں بلوچستان حکومت آئینی و قانونی طور پر حق حکمران کھو چکی ہے۔

اسلم بھوتانی کا یہ موقف بظاہر ان کے اور وزیر اعلیٰ اسلم ریئسانی کے درمیان اختلاف کی وجہ بنا تھا۔
XS
SM
MD
LG