رسائی کے لنکس

بلوچستان اسمبلی میں نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب


 بلوچستان صوبائی اسمبلی

بلوچستان صوبائی اسمبلی

بلوچستان اسمبلی نے پیر کو مطیع اللہ آغا کو بلا مقابلہ اسپیکر جب کہ ڈاکٹر فوزیہ مری کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کی اسمبلی نے پیر کو مطیع اللہ آغا کو بلا مقابلہ اسپیکر جب کہ ڈاکٹر فوزیہ مری کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کر لیا ہے۔

مطیع اللہ اس سے قبل صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر تھے۔ بلوچستان اسمبلی نے گزشتہ ہفتے اسپیکر اسلم بھوتانی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد منظور کی تھی، جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔

اسلم بھوتانی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جسے عدالت نے پیر کو مسترد کر دیا۔

بلوچستان اسمبلی میں اراکین کی کل تعداد 64 ہے اور اسلم بھوتانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 47 ارکان نے ووٹ ڈالے گئے تھے جب کہ تحریک کی مخالفت میں صرف ایک رکن صوبائی اسمبلی نے اپنا ووٹ ڈالا۔ 13 اراکین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

اسلم بھوتانی نے نومبر میں صوبائی اسمبلی کے طلب کیے گئے اجلاس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کی صدارت نہیں کریں گے کیوں کہ ان کے بقول بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ صوبائی حکومت حکمرانی کا قانونی جواز کھو چکی ہے اور ایسے میں اجلاس بلانا توہینِ عدالت کے زمرے میں آ سکتا ہے۔

اسلم بھوتانی کا یہ موقف بظاہر ان کے اور وزیر اعلیٰ اسلم ریئسانی کے درمیان اختلاف کی وجہ بنا تھا۔
XS
SM
MD
LG