رسائی کے لنکس

کراچی: ایک ماہ تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی


کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے ایک بار پھر کراچی شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس بار یہ پابندی پورے ایک ماہ کیلئے لگائی گئی ہے۔

حکومت ِسندھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے پولیس موبائلوں پر حملوں کے باعث ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی ہے۔ پولیس اور رینجرز پر حملوں میں ملزمان اکثر موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر حملے کرکے بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

اتوار کی رات 12 بجتے ہی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی ہے جو اگلے ایک ماہ تک عائد رہے گی۔ اس پابندی سے بزرگ شہری، خواتین اور صحافی مستثنیٰ رہیں گے۔

ڈبل سواری پر پابندی کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات کو کم کرنے کیلئے موٹرسائیکل کی ڈل سواری مسئلے کا حل نہیں ہے۔

اس سے قبل عید الفطر، عید الاضحیٰ، محرم الحرام اور ربیع الاول کے موقع پر بھی کئی مرتبہ سیکیورٹی خدشات کے باعث موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات نامعلوم افراد نے دو پولیس موبائلوں کو فائرنگ اور بم حملے کا نشانہ بنایا تھا جسمیں چھ پولیس اہلکار شہید جبکہ 15 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ ان دونوں واقعات میں ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے حملوں کے بعد پولیس سرچ آپریشن کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔

وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ، ’سندھ پولیس کے پاس جدید اسلحہ نہیں ہے جس وجہ سے آپریشن کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے، ،دہشت گردوں کے خلاف بھرپورکاروائی کی جائے گی‘۔
XS
SM
MD
LG