رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش:عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 275 ہو گئی


آٹھ منزلہ عمارت میں گارمنٹس کی فیکٹری قائم تھی۔ زندہ بچ جانے والے زخمیوں کا کہنا ہے کہ عمارت چند منٹوں میں ہی زمین بوس ہو گئی۔

بنگلہ دیش میں منہدم ہونے والی آٹھ منزلہ عمارت گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 275
تک پہنچ گئی جب کہ امدادی کارکن ملبے تلے پھنسے زندہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اب بھی وہاں پھنسے افراد کی چیخ و پکار سن سکتے ہیں۔

دارالحکومت ڈھاکا کے مضافات میں یہ عمارت بدھ کو اچانک زمین بوس ہو گئی تھی جس سے لگ بھگ ایک ہزار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عمارت میں تقریباً تین ہزار افراد موجود تھے جن میں سے لگ بھگ 2000 کو نکالا جا چکا ہے۔

عہدیداروں نے جمعرات کو بتایا کہ اب بھی بہت سے لوگ ملبے تلے پھنسے ہیں تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی۔

آٹھ منزلہ عمارت میں گارمنٹس کی فیکٹری قائم تھی۔ زندہ بچ جانے والے زخمیوں کا کہنا ہے کہ عمارت چند منٹوں میں ہی زمین بوس ہو گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو عہدیداروں نے فیکٹری میں دراڑیں پڑنے کے بعد مالک کو متنبہ کیا تھا کہ وہ اس عمارت میں کام بند کر دے لیکن بظاہر اس انتباہ پر توجہ نا دی گئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمارت کے مالک کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ اس میں فیکٹری مالک کو بھی شامل کیا جائے گا۔

گزشتہ سال نومبر میں بنگلہ دیش میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG