رسائی کے لنکس

ہتھورو سنگھا بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ مقرر


چندیکا ہتھورو سنگھا (فائل فوٹو)
چندیکا ہتھورو سنگھا (فائل فوٹو)

ہتھورو سنگھا نیو ساؤتھ ویلز کے لیے اسسٹنٹ کوچ کی خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ شین جگرسین کی جگہ ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔

بنگلہ دیش نے اپنی کرکٹ ٹیم کے لیے سابق سری لنکن بیٹسمین چندیکا ہتھورو سنگھا کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے سنگھا کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایک اعلیٰ پائے کے کوچ کی ضرورت تھی جو انھیں ہتھورو سنگھا کی صورت میں مل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ "امید ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں سے بنگلہ دیشی ٹیم کو فائدہ پہنچائیں گے۔"

بورڈ کے صدر نے بتایا کہ بنگلہ دیش خصوصی مہارت رکھنے والے باؤلنگ اور فیلڈنگ کوچز کی تلاش میں ہے۔

45 سالہ سنگھا سے بورڈ نے دو سال کا معاہدہ کیا ہے اور اس سے قبل وہ سری لنکا اور عرب امارات کرکٹ ٹیم کے کوچ کے علاوہ نیو ساؤتھ ویلز کے لیے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

سنگھا شین جگرسین کی جگہ بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ مقرر ہوئے ہیں۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین نے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر استعفیٰ دے دیا تھا۔

ہتھورو سنگھا 26 ٹیسٹ اور 35 ایک روزہ میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG