رسائی کے لنکس

بنوں پولیس تھانے پر حملہ، چھ ہلاک


ہلاک ہونے والوں میں تین اہلکار اور تین شہری شامل ہیں جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو خودکش حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع بنوں میں پیر کو ایک پولیس تھانے پر شدت پسندوں کے حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے جن میں تین پولیس اہلکار اور تین شہری شامل ہیں۔

حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ککی پولیس تھانے کے سربراہ بھی شامل ہیں۔

بنوں پولیس کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر وقاص نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیر کی صبح دو خودکش بمباروں نے فائرنگ کرتے ہوئے تھانے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

لیکن تھانے کی حفاظت پر معمور اہلکاروں نے انھیں ایسا کرنے سے باز رکھا اور کافی دیر تک پولیس اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔

اُنھوں نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار قریبی مسجد میں داخل ہو گیا جہاں سے وہ پولیس پر فائرنگ کرتا رہا۔

ڈاکٹر وقاص نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار پولیس تھانے میں تعینات نہیں تھے البتہ جب شدت پسندوں نے حملہ کیا تو وہ ککی گاؤں میں واقع اپنے گھروں سے پولیس کی مدد کے لیے وہاں پہنچے تھے جہاں دہشت گردوں کی فائرنگ سے وہ ہلاک ہوئے۔

ضلع بنوں میں اس سے قبل بھی شدت پسند پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے آئے ہیں اور رواں سال اپریل میں شدت پسند بنوں جیل پر حملے کر کے اپنے ساتھیوں کو وہاں سے چھڑا کر لے گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG