رسائی کے لنکس

برما: طیارے کے حادثے میں دو افراد ہلاک

برما کی ریاست شان میں طیارے کے حادثے کے بعد کا منظر۔ 25 دسمبر 2012
برما کی ریاست شان میں طیارے کے حادثے کے بعد کا منظر۔ 25 دسمبر 2012

حادثے کی اصل وجہ کا فوری طورپر علم نہیں ہوسکا مگر سرکاری عہدے داروں کا کہناہے کہ زیادہ امکان یہ ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث پائلٹ کو مجبوراً اپنا طیارہ سڑک پر اتارنا پڑا۔

برما میں منگل کی صبح مشرقی ریاست شان میں ایک مسافر طیارے کے حادثے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔

حادثے کے وقت ایئر باگان کے طیارے پر 65 مسافر اور عملے کے چھ افراد سوار تھے اور وہ رنگون سے کلاؤ ٹاؤن شپ جارہا تھا کہ اسے ایئرپورٹ سے تین کلومیٹر دور ایک سڑک پر اترنا پڑا۔

ریاست شان میں واقع اینل جھیل سیاحت کا ایک بڑا مرکز ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں جہاز پر سوار ایک گیارہ سالہ بچہ اور ایک دوسرا شخص شامل ہے جو اپنی موٹرسائیکل پر سڑک سے گذر رہاتھا۔

عہدےد اروں کا کہناہے کہ حادثے میں گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک پائلٹ اور چھ غیر ملکی ہیں۔

ایئر باگان کا کہناہے کہ زخمی ہونے والے غیر ملکیوں میں سے دو امریکی، ایک برطانوی اور ایک کورین باشندہ ہے۔

حادثے کی اصل وجہ کا فوری طورپر علم نہیں ہوسکا مگر سرکاری عہدے داروں کا کہناہے کہ زیادہ امکان یہ ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث پائلٹ کو مجبوراً اپنا طیارہ سڑک پر اتارنا پڑا۔

عینی شاہدوں کا کہناہے کہ حادثے کے نتیجے میں جہاز کا پچھلا حصہ ٹوٹ کر الگ ہوگیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

ایئر باگان برما کی پانچ پرائیویٹ فضائی کمپنیوں میں شامل ہے اور اس کی ملکیت معروف کارباری شخصیت تائے زا کے پاس ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ برما کی سابق فوجی حکومت سے اس کا قریبی تعلق تھا۔
XS
SM
MD
LG