رسائی کے لنکس

ڈیوڈ بیکھم کا اپنی آمدنی خیراتی ادارے کو دینے کا اعلان


برطانیہ کی قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان نے گزشتہ برس دسمبر میں 'ایل اے گلیکسی' سے علیحدگی اختیار کرلی تھی

عالمی شہرتِ یافتہ فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم نے آئندہ پانچ ماہ کے لیے فرانسیسی کلب 'پی ایس جی' کے ساتھ کھیلنے کا معاہدہ کرتے ہوئے اس عرصے کی اپنی تمام آمدنی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے ایک خیراتی ادارے کا دینے کا اعلان کیا۔

برطانیہ کی قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان نے گزشتہ برس دسمبر میں 'ایل اے گلیکسی' سے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد سے انہیں اپنا کیریئر جاری رکھنے کے لیے کسی نئے کلب کی تلاش تھی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق 37 سالہ فٹ بال اسٹار نے قطر کے ایک شیخ کی ملکیت 'پی ایس جی' یا 'پیرس سینٹ جرمین' کا انتخاب کیا ہے جس کا اعلان انہوں نے جمعرات کو پیرس میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

بیکھم کا کہنا تھا کہ وہ کلب کے ساتھ اپنی پانچ ماہ طویل رفاقت کے دوران میں کوئی پیسہ نہیں لیں گے بلکہ ان کی تنخواہ پیرس کے ایک خیراتی ادارے کو جائے گی جو بچوں کی فلاح کے لیے سرگرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں بچوں اور عطیات دینے سے بہت محبت ہے اور ان کے بقول وہ سمجھتے ہیں کہ اپنی پوری آمدنی کسی ادارے کو عطیہ کرنے جیسا کام ماضی میں کسی کھلاڑی نے نہیں کیا۔

بیکھم نے اپنی پریس کانفرنس میں یہ نہیں بتایا کہ وہ کلب سے کتنی تنخواہ لیں گے جو خیراتی ادارے کو دی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG