رسائی کے لنکس

برلن فلم فیسٹیول کا آغاز


فائل
فائل

'کینز' کے بعد یورپ کے دوسرے بڑے فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والے 'برلن فلم فیسٹیول' کا آغاز جمعرات کی شب انقلابِ فرانس کے پرتشدد ایام پہ بنی فرانسیسی فلم 'فیئرویل مائے کوئین' کے پریمیئر سے ہوا

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں62ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے اور اس بار فیسٹیول میں دیے جانے والے بہترین فلم کے 'گولڈن بیئر' نامی ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے کل 18 فلمیں میدان میں ہیں۔

'کینز' کے بعد یورپ کے دوسرے بڑے فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والے 'برلن فلم فیسٹیول' کا آغاز جمعرات کی شب انقلابِ فرانس کے پرتشدد ایام پہ بنی فرانسیسی فلم 'فیئرویل مائے کوئین' کے پریمیئر سے ہوا ۔

ایوارڈ کی دوڑ میں شریک دیگر 17 فلموں کے ورلڈ پریمیئرز بھی فیسٹیول کے دوران ہوں گے جو 19 فروری تک جاری رہے گا۔

رواں برس فلمی میلے کا مرکزی خیال 'بہارِ عرب' کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں آنے والی سیاسی تبدیلیوں اور سرمایہ دارانہ نظام کی اصلاح اور معاشی انصاف کے حصول کے لیے امریکہ میں جاری 'آکیوپائے موومنٹ' کے تناظر میں "انتہائی سماجی اور سیاسی تبدیلیوں کے دور میں عوام کی زندگی اور محبت" رکھا گیا ہے۔

فیسٹیول کے ڈائریکٹر ڈیٹر کوسلک کے مطابق 10 روزہ فلمی میلے کے دوران میں دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والی 400 فلموں کی نمائش کی جائے گی۔

کوسلک کے بقول فلمی میلے میں افریقہ سمیت دنیا کے ان خطوں کی فلمیں بھی شامل ہیں جنہیں بہت کم سنیما کا موضوع بنایا جاتا ہے۔

میلے میں دیے جانے والے 'گولڈن بیئر' ایوارڈز کی جیوری کے سربراہ برطانوی ہدایت کار مائیک لی ہیں جب کہ آٹھ رکنی جیوری میں ہالی ووڈ اداکار جیک گیلن ہال اور معروف ایرانی ہدایت کار اصغر فرہادی بھی شامل ہیں جن کی فلم 'نادر اینڈ سیمیں: اے سیپریشن' نے 2011ء کا 'گولڈن بیئر' حاصل کیا تھا۔

میلے کے دوران ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ میرل اسٹریپ کو فلمی دنیا کے لیے ان کی خدمات پر 'گولڈن بیئر فار لائف ٹائم اچیومنٹ' سے نوازا جائےگا۔

میلے کے ایک خصوصی گوشے میں اسٹریپ کی تازہ ترین فلم 'دی آئرن لیڈی' کی نمائش بھی ہوگی جس میں ہالی ووڈ اداکارہ نے سابق برطانوی وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر کا کردار نبھایا ہے۔ اسٹریپ اس فلم میں اپنی ادکاری پر'آسکر' کے لیے بھی 'ہاٹ فیورٹ' قرار دی جارہی ہیں۔

گو کہ منفی درجہ حرارت کے حامل سخت سرد موسم میں منعقد ہونے والے 'برلن فلم فیسٹیول' کو اپنے یورپی حریف فلمی میلوں 'کینز' اور 'وینس' جیسی فلمی ستاروں کی توجہ اور تام جھام تو حاصل نہیں ہوتی ہے لیکن عوام کی بآسانی رسائی کے سبب اس میلے کو انفرادیت حاصل ہے۔

میلے میں ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی کی بطورِ ہدایت کار پہلی فلم 'ان دی لینڈ آف بلڈ اینڈ ہنی' کا پریمیئر بھی ہوگا۔ بوسنیا کی جنگ پہ بنی اس فلم کے مرکزی کرداروں کے ساتھ جولی بھی میلے میں شریک ہوں گی جب کہ ان کے علاوہ ہالی ووڈ اسٹارز اوما تھرمن، رابرٹ پٹنسن اور انتونیو باندریداس بھی اپنی اپنی نئی فلموں کے ساتھ اس برس کے 'برلن فیسٹیول' میں شرکت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG