رسائی کے لنکس

بیدھیا بھنڈاری نیپال کی پہلی خاتون صدر منتخب


54 سالہ بھنڈاری حکمراں کمیونسٹ پارٹی آف نیپال کے سربراہ وزیر اعظم کھادگا پرساد اولی کی نائب کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہی ہیں

نیپالی پارلیمنٹ نے بیدھیا بھنڈاری کو ملک کی پہلی خاتون صدر منتخب کیا ہے۔

سابق وزیر دفاع بیدھیا بھنڈاری بدھ کو ہونے والے پارلیمانی انتخاب میں اپنے مدمقابل امیدوار کے 214 ووٹوں کے مقابلے میں 327 ووٹوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے ملک کی پہلی رسمی سربراہ بن گئیں۔

54 سالہ بھنڈاری حکمراں کمیونسٹ پارٹی آف نیپال کے سربراہ وزیر اعظم کھادگا پرساد اولی کی نائب کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔

بھنڈاری 1993ء میں اپنے شوہر کمیونسٹ لیڈر، مدن بھنڈاری کے انتقال کے بعد نیپال کی نمایاں ترین سیاسی شخصیت بن کر ابھری تھیں، جس کے بعد سے انھوں نے ملک میں خواتین کے حقوق کے لئے ایک نئی جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔

ان کا انتخاب طویل عرصے سے ملک میں قائم ہندو بادشاہت کے 2008ء میں خاتمے کے بعد، نئے نیپالی آئین کے متعارف ہونے کے فوری بعد عمل میں آیا ہے۔

وہ اس ہمالیائی قوم کے جمہوری ہونے کے بعد ملک کی دوسری صدر بن گئی ہیں۔ نیپال کے پہلے جمہوری صدر رام باران یادیو تھے جو 2008ء میں منتخب ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG