رسائی کے لنکس

امریکہ اور عراق کا داعش کو شکست دینے کے عزم کا اظہار


ایک یزیدی قانون ساز ماہما خلیل سے منسوب خبر میں کہا گیا کہ ہلاک کیے جانے والوں میں مرد، عورتیں اور بوڑھے شامل ہیں۔ ان کے بقول تلعفر میں قیدیوں کے کیمپ میں اب بھی لگ بھگ 1400 یزیدی موجود ہوسکتے ہیں۔

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے ایک جمہوری عراق کے لیے اپنا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک عراق اور شام میں شدت پسند گروپ داعش کو شکست میں مدد فراہم کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن اور عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کے درمیان ہفتہ کو ہونے والی ملاقات میں امریکی نائب صدر نے بغداد میں ہوئے تازہ دہشت گرد حملوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا جس میں کم ازکم 17 افراد ہلاک ہوئے۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی جب ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ داعش نے موصل کے قریب اپنی قید میں موجود کم ازکم 300 یزیدیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

یزیدی پروگریسو پارٹی کی طرف سے ایک بیان میں ان ہلاکتوں کو "وحشت ناک مجرمانہ فعل" قرار دیا گیا۔

ایک یزیدی قانون ساز ماہما خلیل سے منسوب خبر میں کہا گیا کہ ہلاک کیے جانے والوں میں مرد، عورتیں اور بوڑھے شامل ہیں۔ ان کے بقول تلعفر میں قیدیوں کے کیمپ میں اب بھی لگ بھگ 1400 یزیدی موجود ہوسکتے ہیں۔

دریں اثناء امریکہ کی زیر قیادت اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ فورسز نے عراق اور شام میں ہفتہ کو بھی داعش کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے۔

ان میں 17 کارروائیاں شام جب کہ سات عراق میں کی گئیں۔

داعش نے گزشتہ سال کے وسط سے عراق اور شام کے مختلف حصوں پر قبضہ کر کے وہاں خلافت کا اعلان کر رکھا ہے اور ان علاقوں میں موجود مذہبی اقلیتوں اور شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والوں کے خلاف قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس گروپ کے خلاف کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

XS
SM
MD
LG