رسائی کے لنکس

سیاسی جلسوں کا زور، بلاول بھی میدان میں آگئے


اس موقع پر، کارساز میں ایک عوامی تقریب اور ریلی منعقد ہوگی جس میں پارٹی کے حامی افراد اور کارکنان حصہ لیں گے۔ ریلی کارساز سے شروع ہوکر مزار قائد پر ختم ہوگی، جہاں بلاول سمیت متعدد پارٹی رہنما عوام سے خطاب کریں گے

کراچی۔۔۔ پاکستان میں ان دنوں سیاسی جلسے جلوس کا دور دورہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے شہر شہر جلسے اور جلسوں کے بعد، اب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو بھی میدان میں آگئے ہیں۔

اِس حوالے سے، سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین، بلاول بھٹوزرداری اگلے مہینے، یعنی اکتوبر کی 18 تاریخ سے کراچی کے علاقے کارساز سے باقاعدہ اپنے سیاسی کیرئیر کا سفر شروع کریں گے۔

یہ وہی تاریخ ہے جب سنہ 2007ء کئی سال کی جلاوطنی کے بعد وطن واپسی پر بلاول بھٹو کی والدہ بے نظیر بھٹو کے قافلے پر کارساز کے قریب بم حملہ ہوا تھا جس میں وہ محفوظ رہیں۔ تاہم، دھماکے کے نتیجے میں متعدد انسانی جانیں ضائع ہوگئی تھیں۔

اس حملے کے کچھ ہی ہفتوں بعد 27دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں عوامی جلسے کے موقع پر بے نظیر بھٹو پر ایک اور حملہ ہوا جس میں وہ انتقال کرگئیں، اور یوں، ان کا سیاسی سفر ادھورہ ہی رہ گیا۔

بلاول بھٹو اسی مناسبت سے مذکورہ تاریخ اور مقام سے اپنے باقاعدہ سیاسی کیرئیر کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس بات کا اعلان پیر کو یوسف رضا گیلانی نے پارٹی رہنماوٴں کے ایک اہم اجلاس میں شرکت کے بعد کراچی میں میڈیا سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس بلاول بھٹو کی سربراہی میں ہوا۔

یوسف رضا گیلانی کے مطابق، اس موقع پر کارساز میں ایک عوامی تقریب اور ریلی منعقد ہوگی جس میں پارٹی کے حامی افراد اور کارکنان حصہ لیں گے۔ ریلی کارساز سے شروع ہوکر مزار قائد پر ختم ہوگی جہاں بلاول سمیت متعدد پارٹی رہنما عوام سے خطاب کریں گے۔

بلاول بھٹو اس سے قبل آئندہ عام انتخابات میں بھی حصہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کا بھی دورہ کیا تھا، جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی، وہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG