رسائی کے لنکس

بلاول بھٹو کی ہندو برادری کے ساتھ ہولی کی تقریب میں شرکت


بلاول نے جمعرات کو نہ صرف سندھ کے صحرائی علاقے عمر کوٹ کا سفر کیا بلکہ مقامی ہندووٴں کے ساتھ ہولی بھی کھیلی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پچھلی دیوالی کی طرح اس بار سندھ کی ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہوکر ہولی کے مختلف رنگوں میں نہا گئے۔

انہوں نے جمعرات کو نہ صرف سندھ کے صحرائی علاقے عمر کوٹ کا خصوصی سفر کیا بلکہ ہندووٴں کے ساتھ ہولی بھی کھیلی اور بہت سے اہم وعدے بھی کربیٹھے۔

ہولی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جبری طور پر مذہب تبدیل کرانے کے خلاف قانون سازی ہونی چاہئے اور زبردستی مذہب تبدیل کروانے کو جرم تصور کیا جانا چاہیے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ذات پات پر یقین نہیں رکھتی، ہم انسانی اور اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں، ہم مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم نہیں کرتے اور نہ ہی انسان اور رنگ و نسل میں کوئی فرق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں تاریخ میں پہلی مرتبہ ہندو میرج ایکٹ تشکیل دیا جارہا ہے۔ اسی صوبے نے ہولی پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ہم اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، قائد اعظم نے کہا تھا کہ اس ملک میں آپ کسی بھی عبادت گاہ جانے کے لیے آزاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں، مسلمانوں اور اقلیتوں کا پاکستان الگ الگ نہیں ہوسکتا، یہ نہیں ہوسکتا کہ خواتین کا پاکستان علیحدہ ہو اور مردوں کا علیحدہ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگربھارت میں ایک مسلمان صدر بن سکتا ہے توپاکستان میں ایک ہندو صدر کیوں نہیں بن سکتا؟

انہوں نے شرکاء سے یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے اور جبراً مذہب کی تبدیلی کے خلاف بھی اسمبلی میں بل پاس کراکے رہیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا منشور مساوات پر مبنی ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو جب بلاول عمر کوٹ پہنچے تو ہندو برادری کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ برادری کے افراد نے ان کے چہرے پر رنگ لگایا، روایتی پگڑی پہنائی اور ہولی کی مبارکباددی۔

XS
SM
MD
LG