رسائی کے لنکس

بے نظیر بھٹو کے بچوں کا عملی سیاست میں آنے کا اعلان


پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وہ، اُن کی بہن بختاور اور آصفہ بھٹو اگلے انتخابات سے پہلے عملی سیاست کا حصہ بن جائیں گے

کراچی .... پاکستان پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت نے باقاعدہ سیاست میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وہ، اُن کی بہن بختاور اور آصفہ بھٹو اگلے انتخابات سے پہلے عملی سیاست کا حصہ بن جائیں گے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے جمعہ کو گڑھی خدا بخش میں اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔

بلاول بھٹو نے جلسے کے شرکاٴ سے کہا ہے کہ جب تک وہ زندہ ہیں، عوام کے ہی رہیں گے۔

ُاُنہوں نے کہا کہ وہ پھانسی پر چڑھ جائیں گے، لیکن ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

ساتھ ہی، اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے غیر مسلح ہونے تک ان سے مذاکرات نہیں کرسکتے۔ بلاول بھٹو نے ناراض پارٹی کارکنوں اور ہمدردوں کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔

انہوں نے اپنی تقریر کے دوران مسلم لیگ ن اور اس کے کچھ رہنماوٴں کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔

سیاسی تجزیہ کاروں اور مبصرین کے مطابق بلاول بھٹو کی جمعہ کی تقریر کئی مختلف مگر مثبت پہلو لئے ہوئے تھی۔ اول، بلاول جو پہلے اردو سے نابلد نظر آتے تھے، آج ان کا لہجہ نا صرف یکسر بدلا ہوا تھا، بلکہ انہوں نے بہت صاف اور شستہ اردو بولی۔ ادائیگی الفاظ پر بھی انہوں نے عبور پایا ہے، جبکہ انہوں نے آج ماضی کے مقابلے میں لکھی ہوئی تقریر بھی نہیں پڑھی۔ ان کے لہجے میں اعتماد اور انداز جذباتیت لئے ہوئے تھا۔

بلاول بھٹو کے بعد سابق صدر زرداری نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ مڈ ٹرم انتخابات نہیں چاہتے، نا ہی وہ اسلام آباد میں کوئی لانگ مارچ دیکھنے کے متمنی ہیں۔

اِس سے قبل، برسی کے حوالے سے ملک بھر اور خاص کر گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کے مزار پر قرآن خوانی کی گئی۔ اِس موقع پر سینکڑوں لوگ موجود تھے جبکہ لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جمعرات سے ہی جاری تھا۔

ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی قرآن و فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔ کچھ شہروں میں دعائیہ تقریبات بھی ہوئیں۔ اس موقع پر بے نظیر بھٹو کے سیرت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
XS
SM
MD
LG