رسائی کے لنکس

بِل کوزبی پر جنسی زیادتی کے الزام میں فردِ جرم عائد


اگر کوزبی پر جرم ثابت ہو گیا تو انہیں دس برس تک قید اور 25 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

امریکی ریاست پنسلوینیا میں استغاثہ نے معروف مزاحیہ ادکار بل کوزبی پر 2004ء میں ایک خاتون پر جنسی حملے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

مونٹگمری کاونٹی کے وکیلِ استغاثہ کیون اسٹیل نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ کوزبی پر انتہائی ناشائستہ حملے کا الزام ہے۔ اگر کوزبی پر جرم ثابت ہو گیا تو انہیں دس برس تک قید اور 25 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

کوزبی پر یہ مقدمہ ٹمپل یونیورسٹی کی ایک سابق ملازمہ کی درخواست پر قائم کیا گیا ہے جس نے پولیس کو بتایا تھا کہ کوزبی نے فلاڈیلفیا کے نزدیک اپنے گھر میں اسے نشہ آور شے دے کر اس کے ساتھ زیادتی کی تھی۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوزبی نے خاتون کو شراب اور پانی کے ساتھ تین گولیاں کھانے پر مجبور کیا تھا جس کے بعد وہ حملے کے دوران بات کرنے یا حرکت کرنے کے قابل نہیں رہی تھیں۔

مذکورہ خاتون نے کوزبی پر پہلی بار 2005ء میں اس حملے کا الزام عائد کیا تھا لیکن پولیس نے اس وقت معروف کامیڈین پر فردِ جرم عائد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ڈسٹرک اٹارنی کیون اسٹیل کا کہنا ہے بدھ کو پیش کی جانے والی فردِ جرم ان نئی اطلاعات کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے جو جولائی 2015ء کے اوائل میں سامنے آئی تھیں۔

کوزبی پر ماضی میں بھی متعدد خواتین جنسی حملے اور زنا بالجبر کے الزامات عائد کر چکی ہیں لیکن 78 سالہ فن کار ایسے تمام الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔

ڈسٹرک اٹارنی کے مطابق بل کوزبی کے خلاف ایسے الزامات 1960ء کی دہائی کے وسط سے عائد کئے جاتے رہے ہیں اور کئی خواتین ان پر نشے کی حالت میں دست درازی کا الزام بھی عائد کرچکی ہیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق کوزبی نے اپنے حلفیہ بیان میں مذکورہ نشہ آور دوا اپنی تحویل میں ہونے کا اعتراف کیا ہے جو ان کے بقول انہوں نے باہمی رضامندی سے جنسی تعلق قائم کرنے والی خواتین کے لیے خریدی تھی۔

XS
SM
MD
LG