رسائی کے لنکس

بن لادن کے آڈیو پیغام میں فرانس کو دھمکی


بن لادن کے آڈیو پیغام میں فرانس کو دھمکی
بن لادن کے آڈیو پیغام میں فرانس کو دھمکی

اسامہ بن لادن کے تازہ آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ نیجر میں پچھلے ماہ پانچ فرانسیسی شہریوں کا اغوا بقول ان کے مسلمانوں کے خلاف غیر منصفانہ سلوک کا ردعمل تھا۔

بدھ کے روز الجزیرہ سے نشر کیے گئے اپنے صوتی پیغام میں بن لادن نے فرانس سے کہا کہ وہ افغانستان سے اپنے فوجی نکال لے۔ انہوں نے کہا کہ بقول ان کے فرانس ہمارے ملکوں پر قبضہ کرکے اور ہماری خواتین اور بچوں کو ہلاک کرکے یہ توقع نہیں رکھ سکتا کہ امن اور سیکیورٹی کے ساتھ رہنے کی اس کی خواہش پوری ہوگی۔

افغانستان میں فرانس کے تقریباً چار ہزار فوجی تعینات ہیں۔

بن لادن نے اگلے سال فرانس میں مسلمان خواتین کے لیے پورے چہرے کے نقاب پر پابندی کے منصوبوں کے خلاف انتقام لینے کی دھمکی بھی دی۔

اسلامک مغرب القاعدہ کہلانے والے ایک گروپ نے پچھلے ماہ شمالی نیجر کی یورینیم کی ایک کان سے سات افراد کو اغوا کیا تھا جن میں پانچ فرانسیسی اور دو افریقی تھے۔

الجزیرہ کے مطابق اسامہ بن لادن نے کہا کہ اگر تم ہلاک کرو گے تو تم بھی ہلاک کردیے جاؤ گے ۔ بالکل ایسے ہی جیسے تم قیدی بناتے ہو، تو تمہیں یرغمال بنا لیا جاتا ہے۔

پچھلے ماہ یوٹیوب ویب سائٹ پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں نیجر سے اغوا کیے جانے والے سات یرغمالی دکھائے گئے تھے۔ ان کے بارے میں خیال ہے کہ اب وہ ہمسایہ ملک مالی میں ہیں۔

امریکہ پر 11 ستمبر 2001ء کے حملوں کے ماسٹر مائنڈ اسامہ بن لادن کے اصل ٹھکانے کے بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں ہے۔

افغانستان میں اتحادی افواج کے کمانڈر امریکی جنرل ڈیوڈ پیٹریئس نےگذشتہ اگست میں کہا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ بن لادن افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوافتادہ پہاڑوں میں کہیں موجود ہوسکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG