رسائی کے لنکس

بن لادن کو ڈھونڈنے کے لیے نئى تصویروں کا اِجرا


عہدے داروں نے کہا ہے کہ یہ دکھانے کے لیے کہ کوئى مشتبہ شخص اپنی شروع کی تصویروں میں جیسا دکھائى دیتا تھا، اب کئى برس گزر جانے کے بعد اُس کی شکل کیسی ہوسکتی ہے

امریکہ نے یہ جاننے کے لیے کہ القاعدہ کے لیڈر اوسامہ بن لادن اور دوسرے 17 چوٹی کے دہشت گردوں کی شکلیں اس وقت کیسی دکھائى دیتی ہوں گی، ڈیجی ٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے اُن کی نئى تصویریں بنائی ہیں۔


عہدے داروں نے کہا ہے کہ یہ دکھانے کے لیے کہ کوئى مشتبہ شخص اپنی شروع کی تصویروں میں جیسا دکھائى دیتا تھا، اب کئى برس گزر جانے کے بعد اُس کی شکل کیسی ہوسکتی ہے ، چہرے پر گزرتے ہوئےوقت کے اثرات کو ظاہر کرنے والی بہت جدید ڈیجی ٹل تیکنیک سے کام لیا گیا ہے۔

جہاں تک القاعدہ کے 52 سالہ لیڈر کا معاملہ ہے تو تصویروں میں ایک ایسا بوڑھا بن لادن دکھائى دیتا ہے ، جس کے بال اب سفید ہوتے جارہے ہیں۔

امریکہ نے 2001 میں 11 ستمبر کو نیو یارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور واشنگٹن کے قریب پینٹے گان پر دہشت گردوں کے حملوں میں بن لادن کے عمل دخل کی وجہ سے اُسے پکڑ نے پر دو کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کررکھا ہے۔

امریکی انٹیلی جینس کے عہدے داروں کاخیال ہے کہ بن لادن پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہاڑی علاقے میں رو پوش ہے۔

اسی دوران سپین کی پارلیمنٹ کے ایک رکن نے کہا ہے کہ اُن کی کیمرے سے اُتاری ہوئى ایک تصویر کو بن لادن کی تصویروں میں سے اُس تصویر کو بنانے کے لیے استعمال کیا گیا تھا، جسے شروع میں امریکی حکومت کی انٹر نیٹ سائٹ پر پوسٹ کیا گیا تھا۔

یونائیٹڈ لیفٹ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ گیسپر یاماسارے نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ انہیں دہشت گرد لیڈر کی ڈیجی ٹل طریقے سے بنائى ہوئى تصویر میں اپنے چہرے کی بعض خصوصیات کو دیکھ کر حیرت بھی ہوئى اور غصّہ بھی آیا۔

یاماسارے نے یہ بھی کہا ہے کہ القاعدہ کے لیڈر کی شباہت لانے کے لیے اُن کی تصویر کے استعمال سے اُن کی سلامتی خطرے میں پڑ گئى ہے۔

القاعدہ کے لیڈر کی اس تصویر میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئى ہے کہ وہ پگڑی کے بغیر اور ترشی ہوئى داڑھی کے ساتھ اس وقت کیسا دیکھائى دے سکتا ہے۔اب یہ تصویر امریکی حکومت کی وَیب سائٹ پر نہیں ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹر نے ایف بی آئى کے ایک عہدے دار کے حوالے سےکہا ہے کہ اُن کی ایجنسی کے آرٹسٹ نے یہ جانے بغیر کہ یہ سپین کے رکن پارلیمنٹ یاماسارے کی تصویر ہے ، انٹر نیٹ سے اُن کی تصویر حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG