رسائی کے لنکس

تائیوان سے اڑان بھرنے والے ایک طیارے نے جب امریکی ریاست الاسکا کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی تو اس وقت طیارہ ایک اضافی مسافر کے ساتھ تھا، یہ مسافر ایک نوزائیدہ بچی تھی،جس نے ہزاروں فٹ کی بلندی پر دنیا میں قدم رکھا تھا۔

تائیوان سے لاس اینجلس جانے والی ایک پرواز کی حاملہ مسافر عورت نے غیر متوقع طور پر تیس ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتے ہوئے طیارے پر ایک بچی کو جنم دیا ہے ۔

امریکی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق طیارے پر بچی کی پیدائش کا غیر معمولی واقعہ اس لحاظ سے بھی انوکھا ہے کیونکہ سوال یہ اٹھتا ہے کہ بچی کی قومیت کیا ہو گی، کیا جمہوریہ چین کےطیارے پر پیدا ہونے والی بچی امریکی ہو گی ۔

یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو پیش آیا جب تائیوان سے لاس اینجلس کے لیے اڑان بھرنے والے طیارے کی ایک حاملہ مسافر نے قبل از وقت پیدائش کی علامات محسوس کیں اور ہوائی جہاز کے عملے کو اپنی تکلیف سے مطلع کیا ۔

ہوائی جہاز کے عملے کے مطابق طیارہ اسوقت 19 گھنٹوں کا سفر مکمل کر چکا تھا اور بحرالکاہل کو عبور کر چکا تھا تاہم عملے کی جانب سے فوری طور پر مسافروں میں سے طبی امداد کے لیے پوچھا گیا اور خوش قسمتی سے جہاز پرموجود ایک ڈاکٹر نے عملے کی مدد سے آن بورڈ بچی کی کامیاب ولادت کرائی ۔

بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں بچی اور ماں دونوں اچھی حالت میں ہیں۔

ہوائی جہاز کی ایک مسافر امیرہ راجپوت نے اس واقعے کی عکس بندی کر کے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کی ایک ائیر ہوسٹس ولادت کے بعد بچی کو کمبل میں تھامے ہوئے ہے جب کہ عملے کی خواتین ارکان کی خوشی سے ہنس رہی ہیں اور بچی کی آمد کا تالیاں بجا کر استقبال کر رہی ہیں ۔

امیرہ راجپوت نے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ وہ عورت بہت بہادر تھی، بچی کی ولادت کے وقت جہاز پر مکمل طور پر خاموشی چھا گئی تھی تاکہ عورت زیادہ گھبراہٹ محسوس نا کرئے ۔

چائنا پوسٹ اخبار کی اطلاعات کے مطابق بچی کی ولادت کے بعد پائلٹ نے ائیر لائن کو اس خبر سے مطلع کیا اور الاسکا کے ٹیڈ اسٹیونس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرہنگامی لینڈنگ کرنے کی درخواست کی تاکہ بچی اور ماں کا فوری طبی معائنہ ممکن ہو سکے ۔

خوش قسمتی سے بچی کی ولادت کے تیس منٹ بعد ہی پائلٹ نے جہاز کو الاسکا کے ہوائی اڈے پر لینڈ کر دیا، جہاں سے بچی اور ماں کو الاسکا کے ساحلی شہر اینکریج کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا اور طیارہ تین گھنٹے کی تاخیر کے ساتھ لاس اینجلس کے لیے پرواز کر گیا۔

ذرائع کے مطابق سول ائیرو ناٹکس ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ بچی کی قومیت کا انحصار اس کے پیدائش کے سرٹیفیکٹ پر ہے ،جو اسے الاسکا کے اسپتال سے جاری کیا جائے گا کیونکہ بچی نے امریکی فضائی حدود کے اندر آنکھ کھولی ہے۔

XS
SM
MD
LG