رسائی کے لنکس

”بلیک باکس“ کے موجد انتقال کر گئے


”بلیک باکس“ کے موجد انتقال کر گئے
”بلیک باکس“ کے موجد انتقال کر گئے

آسٹریلیا میں دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی حادثوں کی تفتیش میں انتہائی مددگار ثابت ہونے والے آلے”بلیک باکس“ کے موجد ڈیوڈ وارن 85 برس کی عمر میں پیر کے روز انتقال کر گئے ہیں۔ ڈیوڈ وارن 1925ء میں آ سٹریلیا کے دور افتادہ شمال مشرقی حصے میں پیدا ہوئے تھے۔ حکام نے اُن کے انتقال کا اعلان بدھ کو کیا ہے۔

ہوابازی کے تحقیق دان ڈیوڈ وارن نے 1953ء میں کامٹ نامی پہلے کمرشل جیٹ طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی تفتیش کے دوران ایک ایسے آلے کی ضرورت محسوس کی تھی جس سے حادثے کی وجوہات کے تعین میں مدد مل سکے ۔ ان کا خیال تھا کہ اگر طیارے میں ایک ایسا آلہ موجود ہو جو دوران پرواز اہم تکنیکی معلومات اور کاک پیٹ میں ہونے والی گفتگو ریکارڈ کر رہا ہو تو حادثے کی صورت میں تفتیش کے عمل میں مدد مل سکتی ہے۔

ابتدا میں ان کے اس تصور کو پزیرائی نہیں مل سکی لیکن ڈیوڈ وارن نے 1956ء میں بلیک باکس کا پہلا نمونہ تیار کیا جو چار گھنٹے کی ریکارڈنگ کر سکتا تھا۔ آسٹریلیا نے ان کے ایجاد کیے ہوئے آلے کو دس سال بعد مسافر طیاروں کے لیے لازمی قرار دیا اور اب جدید بلیک باکس دنیا بھر کے مسافر طیاروں میں نصب کیے جا تے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جس آلے کوبلیک باکس کا نام دیا گیا ہے، اس کا رنگ عموماً نارنجی یا لال ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG