رسائی کے لنکس

عامر خان کی دریا دلی، معمولی سی شادی کو غیر معمولی بنا دیا


عامر خان جو کرتے ہیں انوکھا کرتے ہیں یہاں تک کہ کسی کی شادی میں شرکت کریں تو بھی کوئی کسرنہیں چھوڑتے۔۔آخر کو مسٹر پرفیکٹ جو ٹھہرے۔ بدھ کی رات انہوں نے ایک اور زبردست کارنامہ یہ انجام دیا کہ ایک غریب آٹو رکشا ڈرائیور کے بیٹے راجیو کی شادی میں شرکت کرنے ممبئی سے میلوں دور جاپہنچے اور معمولی سی شادی کو غیر معمولی بنادیا ۔

یہ شادی تھی وارانسی کے ایک چھوٹے سے گاوٴں چندیلی کے رہنے والے رام لکھن نامی آٹو رکشا ڈرائیور کے بیٹے کی۔ کچھ سال پہلے فلم ”تھری ایڈیٹس“ کی اترپردیش میں پروموشن کے دوران اچانک عامر خان کی ایک دو ملاقاتیں رام لکھن سے ہوئیں اور یوں عامر خان اور رام لکھن ایک دوسرے سے بے تکلف ہوگئے۔

رام لکھن نے بتایا کہ وہ جلدہی اپنے بیٹے کی شادی کرنے والا ہے اور اگر عامر خان اس شادی میں شرکت کریں تو اسے بڑی خوشی ہوگی۔ عامر خان نے رام لکھن سے وعدہ کرلیا لیکن اس دوران دو سال گزر گئے۔

دو سال بعد رام لکھن نے عامر خان تک کسی طرح بیٹے کی شادی کا دعوت نامہ پہنچا دیا۔ رام لکھن کو خبر ملی تھی کہ عامر خان اپنے آئندہ کے ٹی وی پروگرام کی تیاری میں بہت مصروف ہیں یہاں تک کہ انہوں نے اپنی ایک فلم کی ریلیزبھی کچھ عرصے کے لئے ملتوی کردی ہے۔ اس مصروفیت کے سبب رام لکھن کو قطعی یہ امید نہیں تھی کہ عامر خان اپنا وعدہ پورا کرسکیں گے۔

لیکن عامر خان وعدے کے پکے نکلے اور بدھ کی رات ایک بجے اپنے دودرجن ساتھیوں کے ہمراہ چندیلی پہنچ گئے شادی میں شرکت کرنے۔ وہ ممبئی سے ہوائی جہاز کے ذریعے ریاست بہار کے شہر پٹنہ پہنچے اور وہاں سے بائے روڈ وارنسی ہوتے ہوئے چندیلی پہنچے۔

شادی کی تقریب ماہموار گنج ، چندیلی کے چورسیہ میرج ہال میں ہونا تھی۔ عامر خان نے موقع پر پہنچ کر نہ صرف دولہا دلہن سے نیک تمناوٴں کا اظہار کیا بلکہ تحائف بھی دیئے۔ اسی دوران مقامی میڈیا تک بھی یہ خبر پہنچ گئی جو فوراً میرج ہال پہنچا۔ اسی دوران قریبی علاقوں کے لوگوں نے بھی میرج ہال پر ”دھاوا“ بول دیا اور صورتحال اس قدر بگڑ گئی کہ پولیس کو ہلکا پھلکا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔

شادی کا منڈپ ایک اسٹیج پرسجایا گیا تھا جہاں عامر خان کے ساتھ ساتھ ڈھیروں لوگ موجود تھے۔ اتنے زیادہ کہ بیچارہ اسٹیج لوگوں کا وزن برداشت نہ کرسکا اور اس کا ایک حصہ ٹوٹ گیا جس سے اسٹیج پر موجود عامر خان کے ساتھ ساتھ متعدد افراداپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نیچے گرپڑے تاہم خوش قسمتی سے کسی کو بھی چوٹ نہیں آئی ۔

ایک عام آدمی کی شادی میں بالی ووڈ کے سپر اسٹار کی شرکت میڈیا کے لئے ”ہاٹ نیوز“ بن گئی اور ملک بھر کے میڈیا نے اس خبر کو نمایاں کوریج دی ۔بدھ کی رات سے جمعرات تک ناصرف اس شادی کی خبرہر چینل سے نشر ہوتی رہی بلکہ عامر خان کے اسٹیج سے گرنے کی ویڈیو بھی بار بار دکھائی جاتی رہی۔

XS
SM
MD
LG