رسائی کے لنکس

سیف علی خان اور کرینہ کپور کی نئی فلم ”ایجنٹ ونود“ جمعہ کو ریلیز ہوگی


کافی عرصے سے خبروں کا موضوع رہنے والی فلم ” ایجنٹ ونود“ آخر کار جمعہ کور یلیز ہونے جارہی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں سیف علی خان ، کرینہ کپور ، رام کپور اور ماضی کے نامور ولن پریم چوپڑا شامل ہیں۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور کی ذاتی زندگی کو بھی اس فلم کی ریلیز سے جوڑا جارہا تھا۔ خبریں تھیں کہ سیف اور کرینہ ”ایجنٹ ونود“ کی ریلیز کے فوری بعد شادی کرلیں گے۔ فلم تو آئندہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی ہے مگر سیف اور کرینہ کی شادی کب ہوگی ،اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

فلم ”ایجنٹ ونود “ میں سیف علی خان نے ایک جاسوس کا رول اداکیا ہے جسے اپنے ذرائع سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ملک کی ’راجدھانی‘ نئی دہلی پر دشمن ایٹمی حملہ کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔ پھر کیا تھا ونود اس حملے کو رکوانے کی کوشش میں تن من کی بازی لگا بیٹھتا ہے۔ اس کے لئے اسے کبھی ماسکو، کبھی ریگا تو کبھی پاکستان، لندن، مراکش اور کبھی کیپ ٹاوٴن کے چکر لگانے پڑتے ہیں ۔۔۔اور آخر کار وہ نئی دہلی پر ایٹمی حملہ رکوانے میں کامیاب ہوہی جاتا ہے۔

اپنے رول کے حوالے سے سیف کا کہنا ہے کہ فلم میں ان کا کریکٹر بہت ڈیمانڈنگ ہے ۔اس رول کے لئے انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ سیف علی خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے جس انداز میں نئی دہلی کو پکچرائز کیا ہے اس پر انہیں فخر کے ساتھ خوشی بھی ہے۔

فلم ”ایجنٹ ونود “کے ڈائریکٹر شری رام راگھون ہیں ۔سیف اس فلم سے پہلے سال 2004ء میں بننے والی فلم ”ایک حسینہ تھی “ میں بھی راگھون کے ساتھ کام کرچکے ہیں ۔فلم سے ان دونوں کو ہی نہیں کرینہ کپور کو بھی بہت سی امیدیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG