رسائی کے لنکس

نئی بالی ووڈ فلم ”ہاوٴس فل ٹو“ کی ہیروئن آسین اپنے کردار کو اہم سمجھتی ہیں


ساوٴتھ انڈین فلموں سے ہندی فلموں میں آنے والی ایکٹریس آسین کئی اعتبار سے خوش قسمت ہیں۔ انہوں نے سن 2008میں عامرخان کے ساتھ اپنی پہلی ہندی فلم ”گجنی “ کی جوبلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ اس کے بعد فلم ”ریڈی“ میں سلمان خان کے ساتھ انہوں نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ۔ یہ فلم بھی بہت کامیاب ثابت ہوئی۔ انہیں انڈسٹری میں قدم رکھے ہوئے یہ چوتھا سال ہے جبکہ اتنی کم مدت میں ان کی دو فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہیں ۔ یہ بات ثابت کرتی ہے کہ وہ انتہائی لکی ہیروئن ہیں۔

سن2012ء کو آئے ابھی تین ہی مہینے گزرے ہیں کہ ان کی میگا بجٹ اور ملٹی اسٹارر فلم” ہاوٴس فل ٹو“ جمعہ کوریلیز ہوگئی۔ ڈائریکٹر ساجد خان اور پروڈیوسر ساجد نڈیاڈوالا کی اس فلم نے ریلیز سے پہلے ہی خوب شہرت حاصل کرلی ہے۔ یہ مزاحیہ فلم ہے اور اس میں ایک دو نہیں بلکہ درجن بھر بڑے فنکار موجود ہیں جن میں اکشے کمار ، جان ابراہم ، متھن چکرورتی ، رشی کپور، رندھیر کپوراور رتیش دیش مکھ وغیرہ شامل ہیں۔

اتنے سارے فنکاروں کی موجودگی میں آسین خود کو کس طرح منفرد ثابت کریں گی ، اس بارے میں انہوں نے برطانوی خبررساں ادارے کو ایک تفصیلی انٹرویو دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ” بے شک فلم میں ان کے علاوہ بہت سے نامی گرامی فنکارموجود ہیں لیکن ہر فنکار کا اپنا بھی تو ایک رول ہے۔۔اور اگر رول جان دار ہو تو آپ کو پھر کسی چیز سے ڈر نہیں لگتا۔ مجھے اپنا رول بہت اہم اور مضبوط لگا لہذا بغیر کسی خوف و خطر کے میں نے یہ فلم سائن کرلی۔ “

اس سوال کے جواب میں کہ ”ہاوٴس فل ٹو“ کے حوالے سے اس قسم کی خبریں آرہی تھیں کہ فلم میں کامیڈی کا معیار عامیانہ ہے ، آپ کو لگتا ہے کہ اس کے باوجود یہ فلم کامیاب ہوجائے گی؟۔آسین کا کہنا تھا” جس کامیڈی کو فلم دیکھنے والے پسند کریں ، اسے سراہیں ، میرے نزدیک یہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ “

”آپ کو کس قسم کی کامیڈی پسند ہے ؟“ اس سوال کے جواب میں آ سین کا کہنا ہے کہ انہیں ہر قسم کا مزاح پسند ہے۔ دراصل مزاح کا دارو مدار انسان کے موڈ پر منحصر ہوتا ہے۔ جیسا موڈ ہو اسی قسم کی کامیڈی پسند آتی ہے۔ ایک بات یہ بھی ہے کہ مزاح کے لئے یہ ضروری ہے کہ اسے کس طرح اور کس انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔

آسین ہندی فلموں میں اپنی آمد کے حوالے سے کہتی ہیں کہ اگرچہ ان کی منزل ابھی بہت دور ہے لیکن ان کا اسٹارٹ اچھا ہوا ہے۔ اپنی نئی فلم”ہاوٴس فل ٹو“ کے حوالے سے آسین کہتی ہیں ”اس فلم کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں رشی کپور اور رندھیر کپور پہلی مرتبہ ایک ساتھ ایک فلم میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ یہی صورتحال رشی کپور اور متھن چکرورتی کے ساتھ بھی ہے۔ وہ دنوں بھی پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی فلم میں نظرآئیں گے۔

ساوٴتھ انڈین فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے حوالے سے آسین کا کہنا ہے کہ وہ ان کا پہلا گھر ہے۔ جب تک انہیں وہاں سے کام ملتا رہے گا وہ کام کرتی رہیں گی اور خود سے کبھی کام کرنا بند نہیں کریں گی۔ اپنی آنے والی فلموں کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ہاوٴس فلم ٹو کے بعد ان کی ایک اور فلم ”بول بچن“ جلد آنے والی ہے۔اس میں ابھیشیک کے ساتھ انہوں نے کام کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG