رسائی کے لنکس

سو کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی پہلی انگریزی فلم، بُدھا

  • ہما رشید

ماضی میں بالی وڈ کو لگان اور سودیس جیسی ہٹ فلمیں دینے والے ہدایت کار اور فلمساز آسوتوش گواریکر اِن دنوں اپنے نئے فلم پروجیکٹ بُدھا کی عکس بندی کی تیاری میں جُٹے ہوئے ہیں۔
تقریبا سو کروڑ روپیے کی لاگت سے بننے والی بُدھا پہلی انگریزی فلم ہوگی جسے گواریکر ڈائریکٹ کریں گے۔ یہ پہلی بالی وڈ فلم ہوگی جس میں بڑے پیمانے پر ہالی وڈ اور بالی وڈ کا سنگم دیکھنے کو ملے گا کیونکہ فلم بُدھا کی فلمسازی کے لیے تمام اہم یونٹ ہالی وڈ سے لیا گیا ہے۔
فلم بُدھا کی کہانی ہالی وڈ کے آسکریافتہ مصنف ڈیوڈ وارڈ نے لکھی ہے۔ جب کہ فلم کے ملبوسات ڈیزائنر اپریل فیری ہیں، جو اکیڈمی اور بافتا ایوارڈز کے لیے نام زد گی حاصل کرچکے ہیں۔ جنھوں نے ٹرمی نیٹر3 اور میوریک جیسی ہالی وڈ فلموں کے لیے لباس تیار کیے ہیں۔
مائیکل شین فلم بُدھا کےایکزیکیٹیو پروڈیوسر ہوں گے جب کہ فوٹوگرافی کے ڈائریکٹر کارل والٹر لنڈین لاب ہیں جو اِنڈی پینڈنس ڈے اور میڈ اِن مین ہیٹن جیسی ہٹ انگریزی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
اِس سے قبل بھی کمبخت عشق، پرنس اور کائٹس جیسی ہٹ فلموں کو بنانے کے لیے ہالی وڈ کے پیشہ ور لوگوں کی خدمات حاصل کی جاچکی ہیں۔ مگر بُدھا پہلی فلم ہوگی جس کو بنانے کے لیے اتنی بڑی تعداد میں ہالی وڈ کے لوگوں کو سائن کیا گیا ہے۔
فلم کے پروڈیوسر ڈاکٹر بھوپیندر کمار مودی کے مطابق بُدھا کے مرکزی کردارکے لیے عالمی سطح پر تلاش جاری ہے۔ شہزادے سدھارتھا سے گوتم بُدھا بننے کے سفر پر مبنی اِس فلم میں کام کرنے کے لیے اب تک 100 ملکوں سے تقریبا چھ ہزار لوگ اپنی قسمت آزما چکے ہیں۔
خبروں کے مطابق سپر ہٹ ہالی وڈ فلم اِسپیڈ کے ہیرو کیئانو ریوز سے بھی بُدھا کے مرکزی کردار کے لیے گواریکر بات چیت کررہے تھے۔ واضح رہے کہ ریوز اِس سے قبل بھی فلم لِٹل بُدھا میں شہزادے سدھارتھا کا کردار کرچکے ہیں۔ تاہم اب تک بُدھا کاکردار فلمی پردے پر کون کرے گا اِس پر حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG