رسائی کے لنکس

بھارت میں ”ایک تھا ٹائیگر “کا شدید انتظار، ٹکٹوں کے دام بڑھ گئے


ایک تھا ٹائیگر
ایک تھا ٹائیگر

بھارت بھر میں ان دنوں سلمان خان اور کترینہ کیف کی آنے والی فلم ”ایک تھا ٹائیگر“۔ کا زکر ہر محفل اور ہر جگہ ہو رہا ہے۔

سلمان خان اور کترینہ کیف کی یہ فلم اپنی ریلیز سے ایک ہفتے پہلے ہی ہر جگہ بحث کا زبردست موضوع بنی ہوئی ہے ۔ قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹکٹس خریدنے والوں کی کوئی کمی نہیں۔ یہی حال رہا تو ریلیز کے دن ملک بھر کے سینما ہالز کھچا کھچ بھرے ہوں گے۔

بھارت بھر میں ان دنوں جس فلم کے بڑے چرچے ہیں وہ ہے سلمان خان اور کترینہ کیف کی آنے والی فلم ”ایک تھا ٹائیگر“۔ ہر محفل اور ہر جگہ کسی نہ کسی حوالے سے اس فلم کا ذکر سنا جارہا ہے۔ اخبار، ٹی وی، رسالے ، ریڈیو اور انٹرنیٹ ہر جگہ یہی فلم موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ اس بحث کا نتیجہ یہ ہے کہ لوگوں میں فلم دیکھنے کے حوالے سے بلا کا ’کریز‘ ہے اور اس تجسس کا فائد ہ اٹھاتے ہوئے فلم کی ٹکٹیں عام فلموں کے مقابلے میں 12سے 16فیصد تک بڑھادی گئی ہیں۔

زی نیوز‘ ، آئی بی این‘ ، ’این ڈی ٹی وی ‘۔۔۔کون سا چینل ہے جو اس فلم سے متعلق نت نئی خبریں اور رپورٹس پیش نہ کررہا ہو۔ فلم 15اگست کو یعنی پورے ایک ہفتے بعد ریلیز ہوگی لیکن جس جس سنیما میں یہ ریلیز ہوگی اسے سجانے سنوارا نے کا کام ابھی سے جاری ہے اور وہ بھی اسی لگن و محنت کے ساتھ جیسے لوگ عید اور دیوالی جیسے بڑے تہواروں پر اپنے گھروں کوسجاتے ہیں۔

ایک تھا ٹائیگر
ایک تھا ٹائیگر

سلمان خان کی حالیہ چارپانچ فلموں کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے لوگوں کے ذہنوں میں آپ ہی آپ یہ خیال گھر کرگیا ہے کہ فلم زبردست کامیابی حاصل کرے گی، اس لئے ہر فلم بین اسے دیکھنا چاہتا ہے ۔ اس دیوانگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک بھر کے ملٹی پلیکس سنیماگھروں نے ٹکٹوں کے نرخوں میں 12سے 16فیصد تک اضافہ کردیا ہے ۔گویا ہر فلم دیکھنے والے کو ہر ٹکٹ پر 20روپے زیادہ دینا ہوں گے۔

بھارتی چینل ”زی نیوز“کے مطابق قیمتوں میں اضافے کے باوجود ایڈوانس بکنگ کرانے والوں کے رش میں کوئی کمی نہیں آئی جبکہ ٹکٹس کی آن لائن فروخت بھی زور و شور سے جاری ہے۔ٹکٹ گھروں پر امڈ آنے والے فلم بینوں کے رش کو دیکھ کر اس بات کااندازہ لگانا کوئی مشکل نہیں کہ فلم کی ریلیز کے وقت سنیما ہالز کھچاکھچ بھرے ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ پہلی مرتبہ نہیں ہورہابلکہ اس سے پہلے دیوالی اور نئے سال کے موقع پر بھی عام دنوں کے مقابلے میں فلموں کی ٹکٹیں مہنگے داموں فروخت ہوئی تھیں۔

سلمان خان کی فلم ”باڈی گارڈ“ اور” ریڈی“ کی ٹکٹیں بھی مہنگے داموں فروخت ہوئی تھیں۔حالانکہ ملٹی پلیکس سنیماؤں نے ٹکٹ کے داموں میں کچھ ہفتوں پہلے ہی کمی کا اعلان کیا تھا لیکن فلم” ایک تھا ٹائیگر“ کے ہٹ ہونے کے امکانات پر ہی داموں میں بارہ سے سولہ فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔اندازہ لگایا جارہا ہے کہ فلم باکس آفس پر کامیابی کے نئے جھنڈے گاڑے گی۔

ٹکٹوں میں اضافے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ”ایک تھا ٹائیگر“ ایسے موقع پر ریلیز کی جارہی ہے جب بھارت میں’ یوم آزادی‘ کے ساتھ ساتھ اسی ہفتے عید بھی منائی جائے گی۔ملٹی پلیکس سنیما چلانے والے اداروں’ آئی نوکس،‘، ’فن سنیما‘ ،’ پی وی آر‘اور ’بگ سنیماز ‘وغیرہ نے داموں میں اضافے کی وجہ تہواروں کوقرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عید اور دیوالی یا ہولی جیسے بڑے تہواروں کے موقع پر لوگ زیادہ پیسہ خرچ کرنے کے موڈ میں ہوتے ہیں۔

ملٹی پلیکس کے ساتھ ساتھ سنگل اسکرین سنیما گھروں میں بھی فلم کے حوالے سے خاصا جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ ان سنیماگھروں نے بھی 15فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ فلم ڈسٹری بیوٹرز کو پوری پوری امید ہے کہ سنگل اسکرین سنیما میں بھی فلم کو 100فیصد رسپورنس ملے گا۔

فلم یش راج پروڈکشن نے تیار کی ہے جبکہ چار سال بعد کترینہ کیف اور سلمان خان اس فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے ۔ اس سے قبل یہ دونوں سن 2008ء میں آنے والی فلم ”یوراج“ میں ایک ساتھ نظرآئے تھے۔
XS
SM
MD
LG