رسائی کے لنکس

کئی فلموں کا تو لوگوں کو بے صبری سے انتظار ہے، جیسے سبھاش گھئی کی فلم ’کانچی‘ جس کے بہت عرصے سے ہر جگہ چرچے ہیں

رواں ماہ یعنی اپریل۔۔اپنے ساتھ کئی بڑے بینر اور شہ سرخیوں میں رہنے والی فلمیں لے کر آیا ہے۔ ان میں سے کئی فلموں کا تو لوگوں کو بے صبری سے انتظار ہے، جیسے سبھاش گھئی کی فلم ’کانچی‘ جس کے بہت عرصے سے ہر جگہ چرچے تھے۔

ایک بھارتی ویب سائٹ ’ٹرتھ ڈائیو‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ مہینہ کچھ ایسی فلمیں بھی اپنے ساتھ لارہا ہے، جن کے پروڈیوسر نسبتاً کم تجربہ کار ہیں۔ لیکن، کسی نہ کسی حوالے سے ان کی فلم کے زبان زد عام چرچے ہوتے رہے ہیں۔

آئیے تفصیل سے پورے مہینے ریلیز ہونے والی فلموں پر ایک نظر ڈالیں:

میں تیرا ہیرو
جمعہ چار اپریل یعنی آج ہی ریلیز ہونے والی فلم ’میں تیرا ہیرو‘ تیلگو فلم’ کنڈی ری گا‘ کا ری میک ہے۔ رومینٹک کامیڈی فلم ’میں تیرا ہیرو‘ کی ڈائریکشن دی ہے کامیڈی فلموں کے بادشاہ ڈیوڈ دھون نے اور اس میں ہیرو کا رول ادا کیا ہے۔ ان کے بیٹے ورون دھون نے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں شامل ہیں الینا ڈی کروز اور نرگس فخری۔

جال
جال بھی آج ہی نمائش کے لئے پیش کی گئی ہے۔ گریش ملک کی ڈائریکٹ کردہ ’جال‘ کی کہانی ایسے تیراک کے گرد گھومتی ہے جو رن آف کچھ کے کنارے آباد اپنے گاوٴں میں خوشحالی لانے کی خواہش کرتا ہے۔ لیکن، اس کی مشکلات کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب وہ آبی پرندوں کو بچانے کے لئے ایک خاتون کی مدد کرتا ہے۔

فلم کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں ویژول ایفیکٹس کا شاندار استعمال کیا گیا ہے اورپرفارمنسز بھی بہت اچھی ہیں۔

بھوت ناتھ ریٹرنز
سال 2008میں بنی فلم ’بھوت ناتھ‘ کا سیکوئل ’بھوت ناتھ ریٹرنز‘ 11تاریخ کو ریلیز ہوگا۔ نتیش تیواڑی کی ڈائریکشن میں بنائے گئے سیکوئل میں بھی امیتابھ بچن مرکزی کردار میں نظرآئیں گے۔ شاہ رخ خان اور بومن ایرانی نے سپورٹنگ رول اد ا کئے ہیں۔

ٹواسٹیٹس
ارجن کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم ’2اسٹیٹس‘ کا ان دونوں کے پرستار بہت بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں اور اب ان کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، کیونکہ فلم 18اپریل کو ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم ’چیتن بھگت کے 2009میں شائع ہونے والے بیسٹ سیلرناول پر بنائی گئی ہے جس کا نام بھی ’ٹواسٹیٹس‘ تھا۔ فلم کو ڈائریکٹ کیا ہے ابھیشک ورمانت نے اور مشترکہ طورپر پروڈیوس کیا ہے کرن جوہر اورساجد نڈیا ڈوالا نے۔

ریوالور رانی
فلم ’کوئن‘ کی کامیابی سے بے انتہا خوش کنگنا رانوٹ کی ایک اور فلم ان کے چاہنے والوں کو خوش کرنے آرہی ہے۔ ’ریوالور رانی‘۔۔۔جس میں کنگنا کے ہیرو ہوں گے ویر داس اور اسے ڈائریکٹ کیا ہے سائیں کبیر نے۔ فلم میں پیش کی گئی لواسٹوری کا تانا بانا سیاسی پس منظر میں بنا گیا ہے۔فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں پیوش مشرا، پنکج سرسوت اور ذاکرحسین۔ فلم 25اپریل کو ریلیز ہوگی۔

کانچی
ویٹرن ڈائریکٹر سبھاش گھئی نے چھ سال کے وقفے کے بعد بالی وڈ میں ایک بار پھر اینٹری دی ہے فلم ’کانچی‘ کے ذریعے۔ ’کانچی‘ کی کہانی گاوٴں میں بسنے والی ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو انصاف کی خاطر سیاست اور کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔

’کانچی‘ میں مرکزی کردا ادا کیا ہے کارتک تیواڑی اور نئی ایکٹریس مشٹی نے جبکہ ویٹرن اداکار متھن چکرورتی اوررشی کپور بھی ’کانچی‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ ’کانچی‘ اپریل کی25 تاریخ کو سلور اسکرین پر جگمگائے گی۔
XS
SM
MD
LG