رسائی کے لنکس

خان ہیروز: حقیقی زندگی میں بھی دل کے ہاتھوں مجبور


لاکھوں فلمی شائقین پر ’لواسٹوریز‘ کا جادو چلانے والے بالی وڈ اسٹارز کی نجی لو اسٹوریز بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔

ممبئی کی فلم نگری میں بننے والی فلموں کا خاص موضوع ہمیشہ سے ’سچی محبت‘ رہا ہے اور لو اسٹوریز پر بنی فلمیں باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کرتی آئی ہیں۔

بالی وڈ کی روایتی رومینٹک فلم میں جہاں ہیرو اپنی ہیروئن کے عشق میں ’ظالم سماج‘ سے ٹکر لیتا ہے وہیں ’امیر ہیروئن‘، ’غریب ہیرو‘ کے لئے اپنا عالی شان محل چھوڑ کر خوشی خوشی جھونپڑی میں بھی گزارا کر لیتی ہے۔ مذہب کی بنیاد پر جدا ہوکر زندگی گزارنے کے بجائے ہیرو، ہیروئن ایک ساتھ مرنا پسند کرتے ہیں۔

لاکھوں فلمی شائقین پر ان ’لواسٹوریز‘ کا جادو چلانے والے بالی وڈ اسٹارز کی نجی لو اسٹوریز بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔

فلم نگری پر راج کرنے والے’خان ہیروز‘ کو ہی دیکھ لیں۔ شاہ رخ سے لیکر نواب سیف علی خان تک سبھی کی بیویاں ہندو یا عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں جن کے ساتھ فلم کی ’ہیپی اینڈنگ‘ کی طرح وہ ہنسی خوشی زندگی گزار رہے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ”یاہو انڈیا“ نے ہنسی خوشی ایک ساتھ زندگی گزارنے والے فلمی فنکاروں کے حوالے سے ایک دلچسپ رپورٹ دی ہے جس کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں:

شاہ رخ خان اور گوری خان
شاہ رخ خان ذاتی زندگی میں بھی ہیرو ہی ثابت ہوئے۔ گوری سے طوفانی عشق کیا اور ساتھ جینے مرنے کی قسموں کو سچ کر دکھایا۔ فلموں کے ولن کی طرح گوری کے گھر والے شاہ رخ سے ان کی شادی کرنے کو تیار نہیں تھے لیکن تمام رکاوٹوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ’دل والے دلہنیا لے ہی آئے‘ اور آج بھی خوش وخرم ایک ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

عامر خان اور کرن راوٴ
مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے تو بالی وڈ میں اینٹری ہی سپر ہٹ رومینٹک فلم ”قیامت سے قیامت تک“ سے دی تھی۔ پہلی شادی بھی محبت کی تھی اور دوسری بار بھی گھر بسایا تو اپنی پسند کی جیون ساتھی کے ساتھ ہی۔ کرن راوٴ عامر کے دل کو ایسا بھائیں کہ زیادہ دیر کئے بغیر انہیں گھر لے آئے اور اب خوشی خوشی دونوں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور
بالی وڈ کے گلیمر بوائے سیف علی خان کا تو شروع سے ہی امیج ’دل پھینک عاشق‘ کا رہا ہے۔۔ لیکن یہی سیف جب کپور گرل کرینہ کی محبت میں گرفتار ہوئے تو بس انہی کے ہو کر رہ گئے۔ اس شان سے شادی کی کہ ان کی شادی بالی وڈ کی یادگار شادیوں میں شامل ہو گئی۔

ارباز خان اور ملائیکہ اروڑہ
”چھیاں چھیاں“ سے شہرت پانے والی ملائیکہ اروڑہ اور ارباز خان کا رومنس خوب زوروں پر چلا جس کے چرچے گلیمر ورلڈ میں مہینوں چلے۔ ارباز نے سچے عاشق کا رول ادا کرتے ہوئے ملائیکہ کی فیملی کی بات مانی اور چرچ میں جا کر ملائیکہ کو اپنا جیون ساتھی بنا لیا۔

سہیل خان اور سیما سچدیو
ایک مسلمان لڑکے کی ہندو لڑکی سے محبت ہوئی اور دونوں کے گھر والوں نے کہا "یہ شادی نہیں ہوسکتی"۔۔ اکثر فلموں میں یہ سین دکھائی دیتا ہے جس کے بعد دونوں گھر سے بھاگ کر شادی کر لیتے ہیں۔ پھر سب مان جاتے ہیں اور اس شادی کو تسلیم کر لیتے ہیں۔ بالکل یہی فلمی سیچوئیشن پیش آئی سہیل خان کے ساتھ۔ جس دن بطور ڈائریکٹر ان کی پہلی فلم ’پیار کیا تو ڈرنا کیا' ریلیز ہوئی، ٹھیک اسی دن سہیل نے سیما کے ساتھ گھر سے فرار اختیار کی اور پھر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

عمران خان اور اونتیکا ملک
عامر خان کے بھانجے عمران خان کروڑوں جواں دلوں کی دھڑکن ہیں لیکن خود ان کا دل جس کے لئے دیوانہ ہوا وہ ان کی بچپن کی محبت اونتیکا ملک تھیں۔ سو عمران نے اپنے کامیاب کیرئیر کا آغاز کرتے ہی اونتیکا کا ہاتھ تھامنے میں دیر نہیں لگائی۔

زاہد خان اور ملائیکہ پاریکھ
اپنے کزن فردین خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زاہد خان نے بھی اپنی اسکول کی ساتھی ملائیکہ پاریکھ سے شادی کرلی۔ جیسے ہی ملائیکہ کے والدین نے ان کے لئے لڑکے کی تلاش شروع کی، زاہد جھٹ سے پہنچ گئے اور کہا’میں ہوں نا‘۔۔

فردین خان اور نتاشا مادھوانی
ایک زمانہ تھا جب لڑکیاں فردین خان پر مرتی تھیں اور ان کی ایک جھلک پانے کے لئے دیوانی ہوجاتی تھیں۔ فردین کا دل تو پہلے ہی اپنی اسکول فرینڈ نتاشا کی محبت میں پاگل تھا سو انہوں نے بہت سے دل توڑ کر دھوم دھام سے بیاہ رچا لیا نتاشا کے ساتھ جو ماضی کی مشہور ہیروئن ممتاز کی بیٹی ہیں۔ یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ فردین خان فیروز خان کے بیٹے ہیں جو اپنے زمانے میں بہت مقبول ہیرو تھے۔
XS
SM
MD
LG