رسائی کے لنکس

2010ء کے سرفہرست ہیروز کی کامیابیاں اور ناکامیاں


2010ء کے سرفہرست ہیروز کی کامیابیاں اور ناکامیاں
2010ء کے سرفہرست ہیروز کی کامیابیاں اور ناکامیاں

سال 2010 ایسا سال تھا جس میں ایک دو نہیں کئی ایک نئے چہروں نے ہیروکی حیثیت سے بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور خود کو منوانے میں بھی کامیاب رہے لیکن اگر بات کی جائے ہاٹ ہیروز کی تو مجموعی طور پر اس سال بڑے بڑے ہاٹ ہیروز نے کوئی بڑا کارنامہ انجام نہیں دیا۔ آیئے ان سے متعلق مزید بات کرنے سے پہلے باری باری ان سے متعلق کچھ تفصیلات پر غور کیا جائے۔

عامر خان

انڈسٹری میں مسٹر پرفیکٹ کا درجہ رکھنے والے عامر خان کے مداح سارا سال یہ سوچتے رہے کہ انہیں اس سال کے آخر تک عامر کی کوئی نئی دھماکے دار فلم دیکھنے کو ملے گی جیسا کہ پچھلے دو سا ل سے ہوتا آرہا تھا مگر اس بار ایسا کچھ نہیں ہوا۔ رواں سال عامر خان "پیپلی لائف" کی پروڈکشن کے ساتھ میدان میں اترے ضرور مگر وہ اس فلم کے لیڈنگ رولز میں شامل نہیں تھے لہذا ان کے مداحوں کو عامر کی جانب سے خاموشی ہی دیکھنے کو ملی۔ عامر خان اپنی شریک سفر کرن راوٴ کے ساتھ اپنی نئی فلم دھوبی گھاٹ میں مصروف ہیں جس میں ان کا لیڈنگ رول ہوگا۔

شاہ رخ خان

سال دوہزار دس میں شاہ رخ خان کاجول کے ساتھ صرف ایک فلم 'مائی نیم از خان' لے کر آئے جبکہ باقی سال ان کی جانب سے بھی خاموشی ہی رہی۔ اس سال زیادہ تر وہ فلم "را۔ون"کی شوٹنگ میں لگے رہے جو اگلے سال یعنی دوہزار گیارہ میں ریلیز ہوگی۔

سلمان خان

سلمان خان نے دوہزار دس کا آغاز ایک کمزور موضوع پر بنی فلم "ویر"سے کیا تاہم سال کے آخری مہینوں میں آنے والی ان کی فلم "دبنگ" نے ان کی ریٹنگ ہائی کردی۔ فلم نے ریلیز کے ایک ہفتے بعد ہی باکس آفس پر بننے والے اب تک کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے۔ اس فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے ہی سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ۔ عامر خان کی فلم "تھری ایڈیٹس" کا ریکارڈ بھی دبنگ کے ہاتھوں ہی چکناچور ہوا۔ فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے ہی 48 کروڑ کا بزنس کیا۔

سیف علی خان

سیف علی خان اس سال کرینہ کپور سے دوستی کے چرچوں کے علاوہ اپنے چاہنے والوں کو کچھ نہ دے سکے۔ اس سال ان کی ایک بھی فلم ریلیز نہیں ہوئی اور باکس آفس پر ان کا نام اسکینڈلز کی زد میں زیادہ رہا۔

شاہد کپور

سال دوہزار دس شاہدکپور کے لئے مایوسی لے کر آیا۔ ان کی تین فلمیں "چانس پہ چانس"، "پاٹھ شالا" اور" ملیں گے ملیں گے" فلاپ ہوگئیں۔ صرف ایک فلم "بدمعاش کمپنی"نے تھوڑا بہت بزنس کیا مگر اسے کامیابی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ یوں کہہ لیں کہ فلم نے اوسط بزنس کیا۔ شاہد کپور کے بارے میں سارے سال یہ افواہیں گردش کرتی رہیں کہ وہ پریانکا چوپڑا سے عشق کی پینگیں لڑا رہے ہیں۔ کامیابی کے نام پر شاہد کپور اس سال مایوسی سے ہی دوچار ہوئے۔

سنجے دت

سنجے دت بھی اس سال کچھ نہ کرسکے۔ ان کی بھی تین فلمیں "لمحہ"، "ناک آوٴٹ" اور" نوپرابلم" بری طرح فلاپ ہوگئیں۔ البتہ ان کی زندگی میں اس سال دو جڑواں پھول کھلے۔ ایک لڑکے اور ایک لڑکی نے ان کے آنگن میں جنم لیا اور سونا پن دورکیا۔

اجے دیوگن

سال دوہزار دس اگر کسی فنکار کے لئے خوش بختی کی علامت ثابت ہوا تو وہ ہیں اجے دیوگن ۔ اس سال ان کی جتنی بھی فلمیں ریلیز ہوئیں ان میں ان کی پرفارمنس کو قابل تحسین قرارد یا گیا۔ "راج نیتی، "ونس سپون اے ٹائم ان ممبئی"، "گول مال تھری" اور "اتی تھی تم کب جاوٴگے"نے باکس آفس پر خوب بزنس کیا۔ اس سال ان کے یہاں بھی ایک بچی کی پیدائش ہوئی جو کاجول اور اجے دیوگن کا دوسرا بچہ ہے۔

ابھیشیک بچن

جونیئر بچن کی اس سال دو فلمیں ریلیز ہوئیں۔ "راون" اور "کھیلیں ہم جی جان سے" اور بدقسمتی سے یہ دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔ امید ہے کہ دوہزار گیارہ کا سورج ان کیلیے نئی خوش خبریاں لے کر طلوع ہوگا۔

ابھے دیول

سال کے ابتدائی مہینوں میں ایسی خبریں مل رہی تھیں کہ ابھے دیول اور سونم کپور فلم "عائشہ" پر بہت محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں مگر باکس آفس پر آنے کے بعد فلم بینوں نے اسے ناپسند کردیا اور فلم بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی۔

اکشے کمار

اکشے اس سال فلموں سے زیادہ ٹی وی پر کامیاب نظر آئے۔ "ماسٹر شیف" کی کامیابی کا سہرا اکشے کے سر ہے ۔ اس سال ان کی دو فلمیں بھی ریلیز ہوئیں۔ "ہاوٴس فل" اور "تیس مار خاں"۔ پہلی فلم کامیاب رہی جبکہ "تیس مار خاں" چونکہ گزشتہ ہفتے ہی ریلیزہوئی ہے لہذا اس کے بارے میں ملی جلی آراء موصول ہورہی ہیں۔

امیتابھ بچن

بگ بی سال 2010ء میں بھی فلموں کا حصہ رہے ۔ دراصل "کون بنے گا کروڑ پتی" کے چوتھے سیشن نے ان کے کیریئر کو مزید وسعت دی۔ چوتھا سیشن بھی پہلے سیشن کی طرح ہی کامیاب رہا۔ جہاں تک اس سال ریلیز ہونے والی ان کی فلموں کی بات ہے تو اس سال امیتابھ کی " رن" اور "تین پتی" نے کچھ زیاد ہ اچھا بزنس نہیں کیا۔

رنبیر کپور

رنبیر کپور کے لئے سال دوہزار دس چاکلیٹی ہیرو کی امیج ختم کرنے کا باعث ہوا۔ اس سال انہوں نے میچور اداکا ر کی حیثیت سے فلم "راج نیتی" اور"انجانہ انجانی" میں کام کیا ۔ "انجانہ انجانی" میں کام کرکے وہ شائقین کی جانب سے اس سال کے سب سے موزوں اداکار قرار پائے۔

رشی کپور

رشی کپور اور نیتو سنگھ ماضی کی فلموں کی بہترین جوڑی رہے ہیں ۔ اس سال ریلیز ہونے والی فلم "دو دنی چار" میں یہی جوڑی تیس سال بعد پھر ایک ساتھ کام کرتے ہوئے نظر آئی ۔ اگر چہ یہ دونوں دوہزار نو میں ریلیز ہونے والی ایک فلم "لو آج کل" میں بھی نظر آئے تھے مگربرائے نام۔

انیل کپور

انیل کپور کے چاہنے والوں کے لئے ایک خوش خبری۔۔۔!! انیل کپور اب بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ کی فلموں میں بھی نظر آئیں گے ۔ ان کی دو انگریزی فلمیں "مشن امپوسیبل" اور " گھوسٹ پروٹوکول" ہالی ووڈ فنکار ٹام کروز کے ساتھ بن رہی ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ اب انیل ملکی فلم بینوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی فلم بینوں اوراپنے چاہنے والوں کو کس حد تک مطمئن کرپاتے ہیں۔ فی الحال تو اس سال ریلیز ہونے والی ان کی ہندی فلم "نوپرابلم" کی بات کرتے ہیں جو ان دنوں اچھا خاصا بزنس کررہی ہے ۔ آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

عمران ہاشمی

'ان کی دونوں فلمیں "سیریل کلر" اور "ونس سپون اے ٹائم ان ممبئی" باکس آفس پر اچھی چلیں جبکہ ان کی تیسری فلم "کروک: اٹس گڈ ٹوبی بیڈ" کوئی کارنامہ نہ کرسکی۔ تاہم ان کے فینز کے لئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ان کی ایک فلم 'مرڈر2' آرہی ہے جو 'مرڈر' کا سیکول ہے ۔ اس فلم میں عمران سری لنکا کی اداکارہ جیکوئن فرنانڈیس کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔

فرحان اختر

فرحان بالی ووڈ کے ٹیلنٹ رکھنے والے اداکار ہیں۔ ان کی اس سال ایک فلم 'کارتک کالنگ کارتک' ریلیزہوئی ۔ وہ اس وقت شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ 'ڈان 2' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

ارجن رامپال

ارجن کی اس سال 'راج نیتی' ریلیز ہوئی جس میں ان کی اداکار ی کو سراہا گیا ۔ ان کی دو اور فلمیں 'ہاوس فل' اور 'وی آر فیملی' بھی ریلیز ہوئیں لیکن ارجن ان کے ذریعے اپنے آپ کو منوانے میں خاطر خواہ کامیاب نہ ہوسکے۔

رہتک روشن

رہتک اس سال 'کائٹس' لے کر میدان میں اترے اور اس فلم کے ریلیز سے پہلے بہت چرچے بھی ہوئے اور فلم پر پیسہ پانی کی طرح بھی بہایا گیا مگر 'کائٹس' درمیان میں ہی پیچا کھا گئی۔ سال کے آخری مہینوں میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم 'گزارش' کے بارے میں بھی بہت مثبت رائے موصول ہورہی تھی مگر اس کا بھی براحال ہوا۔ مجموعی طور پر رہتک اس سال کوئی کارنامہ نہ دکھا سکے۔

جان ابراہم

جان بھی باکس آفس پر اس سال کچھ نہ کرسکے۔ ان کی دو فلمیں 'آشیانہ' اور 'جھوٹا ہی سہی' ریلیز ہوئیں مگر جان ان دونوں فلموں کو ناکامی سے نہ بچا سکے۔ ہوسکتا ہے آنے والا سال ان کے لئے کچھ بہتر لائے۔

XS
SM
MD
LG