رسائی کے لنکس

جاوید شیخ نے بالی وڈ فلموں میں کام کی پیشکش ٹھکرا دی


جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ وہ بالی وڈ میں بھی اسٹرونگ اور’دم دار‘ قسم کے رولز کرنا چاہتے ہیں۔ چھوٹے موٹے کیریکٹر رول کرکے اپنی ساکھ خراب نہیں کرنا چاہتے

لالی وڈ کے ماضی کے ڈیشنگ ہیرو اور حال کے گریس فل کیریکٹر ایکٹرجاوید شیخ بالی وڈ کی بھی کئی فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے بھارت میں بھی تعریفیں سمیٹ چکے ہیں۔ لیکن، حال ہی میں جاوید شیخ نے بالی وڈ کی تین فلموں میں کام کی آفر ٹھکرا دی۔

’ریویو اٹ‘ کے مطابق، جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ وہ بالی وڈ میں بھی اسٹرونگ اور ’دم دار‘ قسم کے رولز کرنا چاہتے ہیں۔چھوٹے موٹے کیریکٹر رول کرکے اپنی ساکھ خراب نہیں کرنا چاہتے۔

بھارت کے دورے سے لوٹنے والے جاوید شیخ نے بتایا کہ انہیں تین فلم پروڈیوسرز نے اپنی فلموں میں کام کرنے کی آفر کی تھی۔ لیکن، انہوں نے معذرت کرلی کیونکہ یہ تینوں ہی کردار بہت غیر اہم تھے۔

یش راج فلمز ۔۔میں اسٹرونگ رولز
اس کے برعکس جاوید شیخ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ یش راج کی دو فلموں میں اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔جاوید کا کہنا تھا کہ میں غیر اہم رول کرکے اپنی ایکٹنگ کی صلاحیتوں کو زنگ نہیں لگانا چاہتا ۔۔یش راج کی فلمیں اس لئے قبول کیں کہ دونوں فلموں میں میرا کردار اسٹرونگ ہے۔۔

جاوید شیخ پنجابی فلم میں کام کرنے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں جو انٹرنیشنل معیار کی ہوگی۔ فلم رواں سال کے آخر میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

جاویدشیخ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کے لئے تمام ایکٹر اور ایکٹریسسز کو مل کرکام کرنا ہوگا۔ بقول اُن کے، ’جب بھی ایسا ہوا، پاکستان کی فلم انڈسٹری اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلے گی۔۔‘

XS
SM
MD
LG