رسائی کے لنکس

ڈانسر اداکار اور اب گائیک


’کائٹس اِن دا سکائی’ نغمہ انگریزی زبان میں ریتک کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے

بالی وڈ ہیرو ریتک روشن ایک بہترین ڈانسر کے ساتھ ساتھ ایک منجھے ہوئے اداکار بھی ہیں یہ تو سبھی جانتے ہیں۔ پر اِس بات سے بہت کم لوگ واقف ہیں کہ اپنی نئی فلم کائٹس کی ریلیز کے ساتھ ریتک گائیکی کی دنیا میں بھی اپنا پہلا قدم رکھ چکے ہیں۔ جی ہاں فلمساز راکیش روشن کی ہوم پروڈکشن فلم کائٹس کا نغمہ ’کائٹس اِن دا سکائی’ ریتک کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔


ریلائنس بِگ پیچرز اور راکیش روشن کے اشتراک میں بنی اِس فلم میں ریتک کے گائے ہوئے نغمے کی کچھ جھلکیاں 29 مارچ پیر کی رات پہلی بار بھارت کے 40 ٹیلی ویژن چینلز پر نشر کی گئی۔

’کائٹس اِن دا سکائی’ نغمہ انگریزی زبان میں ریتک کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چند دن قبل ایک ایف ایم ریڈیو چینل پر بالی وڈ کی تاریخ میں پہلی بار کائٹس فلم کے نغموں کا پریمیئر کیا گیا تھا۔

اپنی گائیکی کے تعلق سے ریتک نے پریس ریلیز کے ذریعے میڈیا کو یہ بیان دیا ہے کہ ”میں جس فیملی سے تعلق رکھتا ہوں اُس کا موسیقی کی دنیا میں کافی نام ہے اور یہ سوچ کر میں بہت نروس تھا پر شاید یہی وجہ تھی کہ چاچا راجیش روشن اور فلمساز انوراگ کشپ کو بھروسہ تھا کہ میں گا سکتا ہوں۔ میں ِنے اس نغمے کو گانے کے لیے اپنی طرف سے بہترین اور سچی کوشش کی ہے۔ میں اپنےآپ کو پیشہ ور گلوکار نہیں سمجھتا۔”


کہو نا پیار ہے، کوئی مل گیا اور جودھا اکبر جیسی ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ریتک اپنے پہلے نغمے کی ریکارڈنگ کے وقت اتنے نروس تھے کہ انہوں نے اسٹوڈیو کی ساری بتیاں کچھ دیر کے لیے بند کروادی تھیں تاکہ وہ اندھیرے میں بنا کسی ہچکچاہٹ کے گا سکیں۔

کائٹس ایک محبت کی داستان ہے جس میں میکسیکو کی ماڈل باربرا موری اور کنگنا رناوت اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ 21 مئی کو عالمی سطح پر ہندی اور انگریزی زبان میں ریلیز ہونے والی فلم کائٹس کے ہدایت کار انوراگ کشپ ہیں جب کہ موسیقی راجیش روشن نے تیار کی ہے۔

XS
SM
MD
LG