رسائی کے لنکس

دنیا کی سب سے پست قامت خاتون بالی ووڈ میں کام کی خواہش مند


دنیا کی سب سے پست قامت خاتون بالی ووڈ میں کام کی خواہش مند
دنیا کی سب سے پست قامت خاتون بالی ووڈ میں کام کی خواہش مند

بھارت کی ایک 18 سالہ نوجوان خاتون کو 'گنیز ورلڈ ریکارڈز' نے دنیا کی سب سے پست قامت خاتون تسلیم کرلیا ہے۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے قصبے ناگ پور میں جمعہ کو منعقدہ ایک تقریب میں 'گنیز ورلڈ ریکارڈز' کے لندن سے خصوصی طور پر بھارت آنے والے نمائندوں نے جیوتی امگی کے قد کی پیمائش کی جو عالمی ادارے کے مطابق صرف 8ء62 سینٹی میڑ یعنی 7ء24 انچ ہے۔

جیوتی کا قد امریکہ کی 22 سالہ بریجٹ جارڈن سے لگ بھگ 7 سینٹی میٹر چھوٹا ہے جو رواں برس ستمبر تک دنیا کی سب سے پست قامت خاتون ہونے کے اعزاز کی حامل تھیں۔

'گنیز' کے مطابق جیوتی امگی کا قد دو برس کے بچے کے اوسط قد سے بھی چھوٹا ہے۔

'گنیز' کی جانب سے قد کی پیمائش کے بعد انہیں دنیا کی پست قامت ترین خاتون تسلیم کیے جانے پر امگی نے پرنم آنکھوں سے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں اپنے چھوٹے قد پر فخر ہے کیوں کہ اس کے باعث انہیں ایک منفرد شناخت ملی ہے۔

یاد رہے کہ جمعہ کو ہونے والی یہ تقریب امگی کی 18ویں سال گرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی اور 'گنیز' کی جانب سے ان کا نام دنیا کی سب سے پستہ قامت خاتون کے طور پر درج کرنے کے اعلان کو امگی نے اپنے لیے "سال گرہ کا خصوصی تحفہ" قرار دیا۔

ساڑھی میں ملبوس امگی نے اس موقع پر اپنے مہمانوں کے ہمراہ سال گرہ کا کیک بھی کاٹا۔

ہائی اسکول کی طالبہ امگی کا کہنا تھا کہ وہ یونی ورسٹی میں جا کر تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں اور ان کا خواب بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنا ہے۔

یہ امگی کا پہلا عالمی ریکارڈ نہیں ہے بلکہ جمعہ کو 18 برس کی ہونے سے قبل تک وہ دنیا کی پست قامت ترین 'ٹین ایجر' ہونے کا اعزاز رکھتی تھیں۔ تاہم جمعہ کو ان کی 18ویں سال گرہ کے موقع پر انہیں لڑکی سے خاتون کی 'کیٹگری' میں منتقل کردیا گیا۔

'گنیز ورلڈ ریکارڈز' کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے دو برسوں کے دوران امگی کے قد میں صرف ایک سینٹی میٹر کا اضافہ ہوا ہے اور بعض طبی وجوہات کے سبب ان کا قد مزیدبڑھنے کا امکان نہیں۔

XS
SM
MD
LG